پردھان کا استعفی طلباء کی بڑی جیت ‘ اب مظالم کا جواب امیت شاہ کو دینا ہوگا

,

   

راہول گاندھی کا رد عمل ۔ سوشیل میڈیا پر وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری آئے نشانہ پر ۔ E20 پٹرول کے مسئلہ پر تنقیدیں

نئی دہلی 25 جولائی ( ایجنسیز ) مرکزی وزیر تعلیم کی حیثیت سے دھرمیندر پردھان کے استعفے نے طلباء کے مطالبہ کو تو پورا کردیا ہے تاہم نریندر مودی حکومت پر دباؤ برقرار رہ سکتا ہے کیونکہ قائد اپوزیشن راہول گاندھی اب آئندہ کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیپر لیک پر سخت سزاوں کا قانون بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تو کانگریس نے سی جے پی کے مارچ پر کی گئی پولیس کارروائیوں کی جوابدہی پر مباحث کی کوشش کرے گی ۔ اس کے علاوہ سوشیل میڈیا پر اب مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کے خلاف مہم شروع ہوگئی ہے جو ایتھنال کی ملاوٹ والے پٹرول کی وجہ سے عوامی تنقیدوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ پردھان کے استعفے کے بعد راہول گاندھی نے اس اقدام کو طلباء کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا تاہم کہا کہ یہ مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ پولیس کارروائی میں کئی طلباء زخمی ہوئے ہیں اور مرکزی وزیر داخلہ اس کیلئے راست ذمہ دار ہیں کیونکہ دہلی پولیس مرکز کے تحت ہے ۔ راہول نے کہا کہ کسی کا ہاتھ ٹوٹا ہے تو کسی کا پیر ‘ کسی کی پسلی ٹوٹی ہے تو کسی کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا گیا ہے اور کئی تو ایسے زخمی بھی ہیں جن کی حالت نازک ہوگئی تھی ۔ یہ سب کچھ راست طور پر وزیر داخلہ امیت شاہ کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ بہت واضح ہے کہ اس حملے کے منصوبہ بنانے والوں ‘ اس پر عمل کرنے والوں سے جواب طلب کیا جانا چاہئے ۔ امیت شاہ کو اس کا جواب دینا ہوگا ۔ اب جبکہ طلباء کا احتاج ختم ہوگیا ہے تو یہ تحریک تعلیم کے شعبہ سے آگے بڑھ گئی ہے ۔ نوجوانوں کی آن لائین مہم میں اب ساری توجہ نتن گڈکری پر دی جا رہی ہے اور E20 پٹرول پر تنقید کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ راست وزیر اعظم کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ سوشیل میڈیا پر کہا گیا کہ پٹرول میں ملاوٹ ہے لیکن طلباء پر استعمال کئے گئے آنسو گیس کے شیلس میں ملاوٹ نہیں تھی ۔ راہول گاندھی نے دھرمیندر پردھان کے استعفے پر کہا کہ طلباء نے اپنی طاقت منوائی ہے ۔ پردھان کے استعفے کو ہندوستان میں نظام تعلیم کو نئی شکل دینے کی سمت بڑا قدم قرار دیا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ یہ پہلا قدم ہے لیکن بہت بڑا قدم ہے جس کے ذریعہ نظام تعلیم کی شکل کو بدلا جاسکتا ہے ۔ طلباء برادری پر ہم سب کو فخر ہے ۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ ہر اس شخص کو اور ہر اس طالب علم کو مبارکباد ہے جنہوں نے جمہوریت کا تحفظ کرنے کیلئے سڑکوں پر اترنا ضروری سمجھا اور وہاں جمے رہے ۔