ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پر جوابی وار کرتے ہوئے انہیں سابق وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کے دور میں ارجنٹینا کے خلاف فوجی آپریشن کا فیصلہ یاد دلایا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو ترکمانستان کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ولادیمیر پوٹن نے برطانوی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں صرف حالیہ تاریخی واقعات کو یاد دلانا چاہتا ہوں مارگریٹ تھیچر نے جزائر فاک لینڈ حاصل کرنے لیے ارجنٹینا کے خلاف فوجی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس وقت یہ فیصلہ ایک خاتون نے کیا تھا۔چہارشنبہ کو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ صدر ولادیمیر پوٹن اگر خاتون ہوتے تو یوکرین میں جنگ شروع نہ کرتے۔صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ آج جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر برطانوی وزیراعظم کی جانب سے درست حوالہ نہیں دیا گیا۔روسی صدر نے 40 سے قبل ارجنٹینا کے خلاف برطانیہ کے فوجی آپریشن پر تنقید کی۔ جنوبی بحر اوقیانوس میں واقع جزائر فاک لینڈ برطانیہ کے زیرانتظام ہیں تاہم ارجنٹینا بھی ان جزائر پر ملکیت کا دعویٰ کرتا ہے۔