اردن میں عید کی نماز گھروں میں ادا کرنے کی ہدایت

   

عمان۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کرونا کی وبا کے خطرے کے پیش نظر بیشتر عرب ممالک میں عید الفطر کے روایتی اجتماعات پرپابندی عاید کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں عید کی نماز کا اہتمام کریں۔تفصیلات کے مطابق اردن کے محکمہ اوقاف اور مذہبی امور کی طرف سیجاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورت حال میں شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ عید کی نماز اپنے گھروں میں ادا کریں۔اردنی وزیر برائے مذہبی امور محمد الخلایلہ نے ایک بیان میں کہا کہ عید کی نماز کی تکبیرات مساجد سے نشر کی جائیں گی تاہم شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نماز گھروں میں ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اردن میں عیدالفطر کی نماز کے لیے ملک بھر میں مقامی وقت کے مطابق وقت مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ گھروں میں عید کی نماز کے اہتمام کا مقصد شہریوں کو کرونا کی وبا سے محفوظ رکھنا اور بیماری کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔اس سے قبل مصر، الجیریا، شام اور فلسطین میں بھی عید کے اجتماعات پرپابندی عاید کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عید کے نماز اپنے گھروں میں ادا کریں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اردن میں وائرس سے اب تک اموات ہوئی ہیں جب کہ متاثرین کی تعداد 629بتائی جاتی ہے۔ملک میں مرض کو روکنے کیلئے سخت پابندیاں ہیں۔