عمان، 2 نومبر(ایجنسیز) اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور حکومت قومی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر نے ملک سے غداری کی ہے اور انہیں قانون کے مطابق جواب دہ بنایا جائے گا۔ شاہ عبداللہ نے مشرق وسطیٰ کی سلامتی کے حوالے سے اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو خطے کے مستقبل کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کی ضمانت کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور سلامتی قائم نہیں ہوسکتی۔ شاہ عبداللہ نے پیرکو اپنے بیان میں کہا کہ اردن دہشت گردی کے خلاف چوکس رہے گا اور کسی بھی انتہا پسند گروہ کو ملک کے اتحاد اور استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے لیے نہ آج کوئی جگہ ہے اور نہ مستقبل میں ہوگی۔ ان کے مطابق ملک کی سلامتی اور شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔شاہ عبداللہ کا یہ بیان جنوبی اردن کے علاقے کرک میں ایک چرچ پر ہونے والے مسلح حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔