اردو گھر بودھن 30 لاکھ روپے میں فروخت: شرت ریڈی

   

مسلمانوں کے مسائل کو نظرانداز کرنے کا شکیل عامر پر الزام

بودھن ۔ 12 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نمائندہ چیرمین بلدیہ بودھن و کونسلر شرت ریڈی نے کانگریس پارٹی کے ایک انتخابی جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اردو گھر بودھن کو بعض غیر مجاز افراد 30 لاکھ روپیوں کے عوض فروخت کرچکے۔ اس سودے بازی میں مبینہ طور پر شکیل عامر ایم ایل اے بودھن بھی شامل ہونے کا الزام عائد کیا۔ شرت ریڈی نے موضع سالورہ میں منعقدہ اس انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سالورہ منڈل کے مسلمانوں سے کہا شکیل عامر یہاں اردو گھر شادی خانہ تعمیر کرنے کا برسوں سے وعدہ کرتے ہوئے مسلمانوں سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہیں اور ووٹ حاصل کرنے کے بعد اپنا وعدہ فراموش کردیتے ہیں۔ انہوں نے کہا شکیل عامر حلقہ اسمبلی بودھن کے مسلمانوں کے مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے خود معاشی طور پر مستحکم ہوکر آج ایم ایل اے اور ان کی اہلیہ حلقہ اسمبلی بودھن کے مختلف علاقوں میں تین، تین کروڑ روپے مالیتی قیمتی کاروں میں گھومتے ہوئے رائے دہندوں سے انہیں ووٹ دینے کی اپیل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل اے بودھن اور بی آر ایس پارٹی کی جانب سے کئے جانے والے وعدوں پر سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 20 دنوں بعد حکومت تبدیل ہو جائے گی اور کانگریس حکومت برسر اقتدار آنے کے بعد مسلمانوں و دیگر طبقات کے تمام دیرینہ جائز مسائل کی کانگریس پارٹی کی جانب سے یکسوئی عمل میں لائی جائے گی۔