اردو یونیورسٹی میں اسلامک اسٹیڈیز کی بین الاقوامی کانفرنس

   

حیدرآباد: 27 فروری (سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں اسلامک اسٹیڈیز پر بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے کہا کہ ہر زمانہ کی ایک حقیقت ہے اور ہم اس حقیقت تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس کے لیے لازمی ہے کہ پہلے قرآن کو سمجھیں اور پھر زمانہ کی حقیقت کو قرآن کی روشنی میں سمجھنے کی کوشش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوروپ کی اندھی تقلید کے بجائے ہمیں قرآن کے ذریعہ مسائل کا حل تلاش کرنا چاہئے۔ مہمان خصوصی پروفیسر محمد اسحاق، سابق ڈین فیکلٹیز آف ہیومانٹیز اینڈ لینگویجس جامع ملیہ اسلامیہ نے حیدرآباد دکن میں اسلامک اسٹیڈیز کی ترقی اور نشونما پر خطاب کیا۔ پروفیسر اقتدار محمد خان ڈین فیکلٹی آف ہیومانٹیز اینڈ لینگویجس جامع ملیہ اسلامیہ نے کہا کہ اسلامک اسٹیڈیز نام ہے مسلم تہذیب اور ثقافت کا۔ دنیا میں جہاں بھی مسلمان موجود ہیں ان سے متعلق ہر ایک مسئلہ اور اس کے مطالعہ کا تعلق اسلامک اسٹیڈیز سے ہے۔ پروفیسر لیلا چمن خاہ ویزیٹنگ پروفیسر ٹی آئی ای ٹی پٹیالہ نے موضوع کا تنقیدی تجزیہ پیش کیا۔ کلیدی خطبہ پروفیسر عبدالعلی سابق صدرنشین شعبہ اسلامک اسٹیڈیز علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے دیا۔ انہوں نے جدید اور مابعد دورِ جدید میں اسلامک اسٹیڈیز کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے ایران اور ہندوستانی اسکالرس کی تحریروں کا تجزیہ پیش کیا۔ صدر شعبہ پروفیسر محمد حبیب نے استقبال کیا اور پروفیسر محمد فہیم اختر ندوی نے شکریہ ادا کیا۔1