ایک بھی جانی نقصان نہیں ہوا،چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے شخصی طور پر کنٹرول سے صورتحال کا جائز ہ لیا
حیدرآباد۔28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے ارنب سیلاب سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور ہنگامہ منصوبہ پر موثر انداز میں عمل کرتے ہوئے جانی نقصانات پر قابو پالیا ہے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے شخصی طور پر سائیکلون وارننگ سنٹر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا ۔ سکریٹریٹ میں سائیکلون سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں رات دیر گئے تک چیف منسٹر نے شخصی طور پر صورتحال کی نگرانی کی اور ضلع کے عہدیداروں سے ربط قائم کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو جانی نقصانات روکنے کی خاص طور پر ہدایت دی تھی اور ابھی تک ریاست میں ایک بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حکومت نے 32 ہزار عہدیداروں کو بچاؤ راحت کے کاموں میں مشغول کیا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے نتیجہ میں فصلوں اور دیگر مالی نقصانات کو بھی کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی کے بھاسکر نے چندرا بابو نائیڈو کو صورتحال سے واقف کرایا۔ متاثرہ اضلاع میں 32 ہزار عہدیداروں اور ملازمین کو متعین کیا گیا ہے اور ضلع کلکٹرس شخصی نگرانی کر رہے ہیں۔ محکمہ جات ، برقی ، آبپاشی ، زراعت ، عمارات و شوارع ، بلدی نظم و نسق اور پنچایت راج کے عہدیداروں پر مشتمل مشترکہ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ریاستی وزراء متاثر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بچاؤ راحت کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ سڑکوں پر گرے ہوئے درختوں کو فوری ہٹاتے ہوئے ٹریفک بحال کی جائے ۔ انہوں نے برقی سربراہی کسی بھی رکاوٹ کے بغیر جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ انسانی زندگی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے صورتحال کے معمول پر آنے تک عہدیداروں کو چوکسی برقرار رکھنے کا مشورہ دیا۔1/k/m/b