اروند کجریوال کی تیسری مرتبہ بحیثیت چیف منسٹر دہلی حلف برداری

,

   

دہلی کو بہتر بنانے مرکز کے ساتھ مل کر کام کرنے کا ارادہ ، کجریوال کا خطاب ،6وزراء نے بھی حلف لیا

نئی دہلی ۔ 16فبروری ( سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ساتویں اسمبلی کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے دن مسلسل تیسری مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ اور رازداری کا حلف لیا ۔ تاریخی رام لیلا میدان دہلی میں ہزاروں حامیوں ، پارٹی کارکنوں اور کثیر تعداد میں معزز شخصیات کی موجودگی کے دوران لیفٹننٹگورنر انیل بائیجل نے کجریوال کو چیف منسٹر کے عہدہ اور راز داری کا حلف دلوایا ۔ کجریوال کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا ، ستیندر جین ، گوپال رائے ، کیلاش گہلوٹ ، عمران حسین اور راجندر پال گوتم نے بھی عہدہ اور راز داری کا حلف لیا ۔ حلف برداری کے بعد اروند کجریوال نے کہا کہ وہ مرکز کے ساتھ قریبی تعاون کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے تمام ریاستوں کے دارالحکومتوں اور قومی دارالحکومت میں بلارکاوٹ حکمرانی جاری رہنے کیلئے تعاون طلب کیا ۔ کجریوال نے کہا کہ انتخابات ہوچکے ہیں ۔ سیاست کیا ہے وہ اور ان کے حریف بھول چکے ہیں ۔ وہ اپنے تلخ لب و لہجہ کو بھی فراموش کرچکے ہیں کیونکہ یہ انتخابات کے پیش نظر اختیار کیا گیا تھا ۔ صدر عام آدمی پارٹی نے اپنی تقریر کا آغاز ’’بھارت ماتا کی جئے ‘‘ اور اختتام ’’ انقلاب زندہ باد ‘‘ کے نعروں سے کیا ۔ انہوں نے اختتام پر ’’ ہم ہوں گے کامیاب ‘‘ گیت بھی گایا جس میں ہزاروں حاضرین بھی شامل ہوگئے ۔ انہوں نے نریندر مودی سے بھی آشیرواد طلب کیا تاکہ دہلی میں بلارکاوٹ حکومت کرسکیں ۔ اُن کے سابق دور اقتدار میں صدر عام آدمی پارٹی کو کئی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا بیٹا آج تیسری میعاد کیلئے حلف اٹھا رہا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ اُن کی کامیابی نہیں بلکہ تمام نوجوانوں کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حالانکہ گذشتہ پانچ سال کے دوران دہلی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا رویہ اختیار کیا گیا تھا تاہم انہوں نے دہلی کی ترقی کیلئے انتھک کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں بعض افراد نے عاپ کو ووٹ دیا اور بعض دیگر نے بی جے پی اور کانگریس کو ، لیکن آج سے وہ چیف منسٹر ہیں اور سب کی مساوی طور پر نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریوں سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ دہلی کے دو کروڑ عوام ایک خاندان کے افراد کی طرح زندگی گذاریں گے ۔ انہوں نے دہلی کے عوام کی تعریف کی کہ انہوں نے سیاست کا رُخ موڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہلی کے معمار یہاں لاکھوں کی تعداد میں موجود ہیں جنہوں نے شہر کی ترقی میں گذشتہ پانچ سال کے دوران اپنا حصہ ادا کیا ہے اور کجریوال کی حلف برداری کی تقریب کیلئے شہ نشین سجایا ہے ۔ تقریب میں کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔