نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کنوینر اور دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال کو ای ڈی نے اب دہلی جل بورڈ کیس میں پوچھ تاچھ کیلئے پیر18مارچ کو طلب کیا ہے۔دہلی کی وزیر آتشی نے اتوار کو دعویٰ کیا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو دو سمن جاری کیے ہیں۔ ایک مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالے میں اور دوسرا دہلی جل بورڈ سے متعلق معاملے میں۔ دہلی جل بورڈ کیس میں انہیں 18 مارچ کو تحقیقاتی ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کو کہا گیا ہے جبکہ ایکسائز پالیسی کیس میں انہیں 21 مارچ کوطلب کیا گیا ہے۔وزیر آتشی نے کہا کہ کجریوال کو جل بورڈ سے متعلق ایک جھوٹے معاملے میں ایک اور سمن موصول ہوا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے جان بوجھ کر ای ڈی اور سی بی آئی جیسی ایجنسیوں کا استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ایک دن پہلے ایک مجسٹریٹ عدالت نے ایک کیس میں کجریوال کو ضمانت دی تھی ۔ راؤس ایونیو کورٹ کے ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دویا ملہوترا نے کجریوال کو 15000 روپے کے ضمانتی مچلکہ اور ایک لاکھ روپے کی ضمانت پر راحت دی۔ دہلی جل بورڈ کیس کے سلسلے میں نیا سمن جاری کیا گیا ہے۔
ای ڈی دہلی جل بورڈ کے اندر مجرمانہ سرگرمیوں کی مبینہ آمدنی کی غیر قانونی ٹینڈرنگ اور ممکنہ لانڈرنگ کی تحقیقات کر رہی ہے۔