ارون جیٹلی ایمس نئی دہلی کے آئی سی یو میں شریک ، طبی حالت مستحکم

,

   

نئی دہلی ۔ /9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کو آج تنفس میں تکلیف اور بے چینی کی شکایت پر ایمس نئی دہلی کے آئی سی یو میں شریک کردیا گیا ۔ ان کے تمام معائنے کئے گئے ۔ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے ان کی صحت پر نظر رکھی ہے ۔ ٹیم کے ایک ڈاکٹر نے کہا کہ ان کی طبی حالت مستحکم ہے ۔ قلب سے خون کا بہاؤ بھی معمول کے مطابق ہے اور ان کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ ، اسپیکر لوک سبھا اوم برلا مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن نے ان کی عیادت کی ۔ ان کے ہمراہ نرملا سیتارامن اور اشونی چوبے ، کارگذار صدر بی جے پی جے پی ندا اور لوک تانترک جنتاپارٹی کے صدر شردیادو بھی ان کی عیادت کرنے والوں میں شامل تھے ۔ بی جے پی قائدین ستیہ وردھن سنگھ راٹھور اور سدھانچو ترویدی سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد اور یوگا گرو بابا رام دیو نے بھی ایمس میں ان کی عیادت کی ۔ 64 سالہ ارون جیٹلی کو قلب اور اعصاب کی دیکھ بھال کے مرکز ایمس نئی دہلی میں 10 بجے دن شریک کیا گیا ۔ ذرائع کے بموجب آئی سی یو میں ان کی صحت پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ تاہم ان کی طبی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے ۔ ماہر امراض قلب ، ماہر اعصاب اور دیگر ڈاکٹر ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ جاریہ سال مئی میں انہیں ایمس میں علاج کیلئے شریک کروایا گیا تھا ۔