ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کی تحقیقات میں حکومت کو دھکہ

   

سنگل جج کے فیصلہ پر روک لگانے کی درخواست چیف جسٹس نے مسترد کردی
حیدرآباد۔/8 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے تلنگانہ حکومت کی عبوری درخواست کی سماعت سے انکار کیا جس میں ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کرنے سے متعلق سنگل جج کے فیصلہ پر روک لگانے کی اپیل کی گئی تھی۔ ریاستی حکومت نے اس بارے میں سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کا موقع فراہم کرنے کیلئے 26 ڈسمبر 2022 کے احکامات پر تین ہفتوں تک عمل آوری روکنے کی درخواست کی۔ چیف جسٹس اجل بھویاں نے واضح کیا چونکہ اس معاملہ کی سماعت ڈیویژن بنچ نے کرتے ہوئے یکسوئی کردی ہے لہذا عدالت میں دوبارہ سماعت نہیں کی جاسکتی۔ اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جاسکتا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے چیف جسٹس کو بتایا کہ سی بی آئی کی جانب سے دباؤ بنایا جارہا ہے کہ کیس کی متعلقہ فائیلیں حوالے کی جائیں۔ سی بی آئی کی جانب سے چیف سکریٹری کو روانہ کردہ مکتوب عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایڈوکیٹ جنرل نے جسٹس بی وجئے سین ریڈی کی تجویز پر چیف جسٹس سے اجازت طلب کی تھی۔ جسٹس وجئے سین ریڈی کے اجلاس پر کل حکومت نے درخواست داخل کی تھی تو انہوں نے سماعت سے قبل چیف جسٹس ہائی کورٹ کی ہدایت حاصل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ چیف جسٹس نے آج حکومت کی درخواست کو مسترد کردیا۔26 ڈسمبر کو جسٹس وجئے سین ریڈی کے فیصلہ کے خلاف اپیل کی گئی اور چیف جسٹس اجل بھویاں اور جسٹس این تکا رام جی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے6 فروری کو حکومت کی درخواست مستردکردی اور سی بی آئی سے جانچ کی راہ ہموار کردی تھی۔ر