حیدرآباد ۔4 ۔ نومبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کے خریدی معاملہ کی سی بی آئی یا برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کیلئے بی جے پی قائد پرمیندر ریڈی کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی آج ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ ہائیکورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے حلفنامہ داخل کیا گیا۔ سابق میں عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے حکومت کو حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ حلفنامہ کے ادخال کے بعد عدالت نے فریقین کی رائے حاصل کی۔ بی جے پی لیڈر کے وکیل نے حکومت کے حلفنامہ پر بحث کیلئے عدالت سے وقت دینے کی درخواست کی۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ نے ارکان اسمبلی خریدی معاملہ میں سائبر آباد پولیس کی جانب سے تحقیقات پر حکم التواء جاری کیا ہے ۔ سرکاری وکیل نے ارکان اسمبلی کو بھاری رقم کے لالچ اور دیگر امور کے بارے میں ہائیکورٹ کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ ملزمین کو تحقیقات کیلئے پولیس تحویل میں لینے کی اجازت کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا ۔ عدالت نے کہا کہ تحقیقات پر حکم التواء برقرار ہے اور حکم التواء پیر تک برقرار رہے گا۔ اسی دوران جہد کار تین مار ملنا نے علحدہ درخواست داخل کرتے ہوئے اس معاملہ میں فریق بننے کی اجازت طلب کی ۔ ہائیکورٹ نے اس معاملہ میں آئندہ سماعت 7 نومبر کو مقرر کی ہے۔ خریدی معاملہ میں ایک ملزم کی شریک حیات نے عدالت میں درخواست داخل کی اور اسکامس سے متعلق ویڈیو اور آڈیو کی اجرائی پر روک لگانے کی درخواست کی ۔ ر