ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے خلاف 115 کریمنل کیسس زیر التواء

   

عاجلانہ یکسوئی کیلئے چیف جسٹس ہائی کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد۔/17ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں 115 کریمنل کیسس ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی کے خلاف زیر التواء ہیں اور سماعت کے مختلف مراحل میں ہیں۔ رجسٹرار جنرل نے اس سلسلہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ میں تفصیلات پیش کی ہیں۔ عدالت کے احکامات پر یہ تفصیلات پیش کی گئیں۔ عدالت نے عوامی نمائندوں کے زیر التواء مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے ٹرائیل کورٹس کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس ٹی ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی ایک درخواست پر یہ کارروائی کی۔ درخواست گذار نے عوامی نمائندوں کے کیسس کی عاجلانہ یکسوئی کی اپیل کی۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی بنیاد پر تلنگانہ ہائی کورٹ نے بھی عوامی نمائندوں کے کیسس پر توجہ مرکوز کی ہے۔ چیف جسٹس نے ہائی کورٹ رجسٹری کو زیر التواء مقدمات کی فہرست پیش کرنے کی 24 نومبر کو ہدایت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے سابق رکن پارلیمنٹ ہری رام جوگیا کی درخواست کو مفاد عامہ کی درخواست سے مربوط کردیا جس میں انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کے خلاف درج مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کی اپیل کی ہے۔ ہائی کورٹ نے حیدرآباد کی سی بی آئی عدالت کو ہدایت دی کہ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے خلاف سی بی آئی کی جانب سے درج کردہ 20 کریمنل کیسس کی اندرون دو ماہ یکسوئی کی جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بیشتر عوامی نمائندوں نے مقدمات کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی جس پر ہائی کورٹ نے عبوری احکامات جاری کرتے ہوئے حکم التواء جاری کیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے عدالتوں کے درمیان باہمی تال میل ضروری ہے۔