کولمبو، 2ستمبر (یو این آئی) چریتھ اسالنکاکو ایک مرتبہ پھر سری لنکا کی قیادت گروپ میں شامل کر لیاگیا ہے اور وہ ستمبر میں انگلینڈ کے دورے کے دوران سری لنکا کی ونڈے اور ٹی20 ٹیموں کے نائب کپتان ہوں گے ۔سلیکٹروں نے سابق نائب کپتان کامندو مینڈس کو دونوں ٹیموں میں برقرار رکھا ہے ، جبکہ کوسل مینڈس دونوں وائٹ بال فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے ۔ داسن شناکا جنوری2024 کے بعد پہلی مرتبہ ونڈے ٹیم میں واپس آئے ہیں، جبکہ لیگ اسپنر سچندوکولمبگے کو بھی پہلی بار ٹیم میں شامل کیاگیا ہے ۔اسالنکا کی واپسی سری لنکا کی ٹی20 ٹیم میں کی گئی چار تبدیلیوں میں شامل ہے ۔ انہیں تین ماہ قبل ونڈے کپتانی سے ہٹا دیاگیا تھا، جبکہ چھ ماہ قبل ٹی20 ٹیم سے بھی باہرکردیا گیا تھا۔ اب وہ دوبارہ ٹی 20 ٹیم اور قیادت گروپ کا حصہ بن گئے ہیں۔لاہیرو اودارا، جنیتھ لیاناگے اور تھرندو رتنائیکے کو بھی ٹی20 ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، جبکہ پون رتنائیکے ، لسیتھ کروسپلے ، میلان رتنائیکے اور دلشان مدوشنکا کو ٹیم سے باہرکردیاگیا ہے ۔گزشتہ سال اسی عرصے میں اسالنکا دونوں وائٹ بال ٹیموں کے کپتان تھے ، تاہم خراب فارم اورگزشتہ سال دورئہ پاکستان کے دوران سکیورٹی خدشات کے باعث کھیلنے میں ہچکچاہٹ کے بعد انہیں ٹی20 کپتانی سے ہٹا دیا گیا تھا۔
پاکستانی ٹیم میں مزید سخت فیصلوں کی تیاری
لاہور، 2ستمبر (یواین آئی) لارڈز ٹسٹ میں پاکستان کی شکست اور دورئہ انگلینڈ میں مسلسل ناکامیوں کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی پاکستانی ٹیم سے متعلق مزید سخت فیصلوں پر مشاورت کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیئرمین پی سی بی سینئر اور تجربہ کارکھلاڑیوں کی کارکردگی سے سخت مایوس ہیں اور سلیکشن کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ مسلسل ناکامی کا شکار تجربہ کارکھلاڑیوں کو دوبارہ مواقع دینے کے معاملے میں سخت پالیسی اختیارکی جائے ۔ محسن نقوی کی خواہش ہے کہ نوجوان اور جونیئر کرکٹرز کو زیادہ مواقع دے کر مستقبل کی مضبوط ٹیم تیارکی جائے ۔ اس سلسلے میں انڈر19اور دیگر جونیئرکھلاڑیوں کو اعتماد کے ساتھ آگے لانے کی پالیسی اپنانے پر زور دیاگیا ہے ۔دورئہ انگلینڈ میں پاکستان کو مسلسل دو ٹسٹ میچوں میں شکست کے بعد ٹیم اور انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جارہی ہیں، جس کے باعث کھلاڑیوں میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے۔