دیگلور۔ 16 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بزمِ ادب اودگیر اور ادارہ ادبِ اسلامی اودگیر کی جانب سے گورنمنٹ گیسٹ ہاؤس کے کانفرنس ہال میں شعبہ اردوایم۔یو کالج کے موظف پروفیسر استاذالاساتذہ مقبول احمد مقبول کی گراں قدر ادبی،علمی،تدریسی،تعلیمی اور سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے شاندار پیمانے پر جلسہ اعترافِ خدمات منعقد کیا گیا۔جلسہ کی صدارت پروفیسر شیخ عظیم الدین سابق ڈینانٹگرل یونیورسٹی لکھنؤ نے کی۔لکچرر دائمی عبدالرحیم نے جلسہ کی غرض وغایت بتاتے ہوئے مقبول احمد کی شخصیت اور سماجی خدمات پر روشنی ڈالی جب کہ سید عقیل احمد صدر بزمِ ادب نے موصوف کا جامع تعارف پیش کیا۔ مہمانانِ خصوصی میں سیدی خلیل احمد نے کہا کہ اودگیر کی ادبی فضا مدت دراز سے ماند پڑی ہوئی تھی۔مقبول احمد کے آنے سے یہاں ادبی سرگرمیوںکا نئے سرے سے آغاز ہوا۔ انھوںنے اپنی نگرانی اور تربیت میں نئے قلم کاروںکی بہترین ٹیم تیار کی ۔اودگیر کی ادبی اور علمی تاریخ میںموصوف کا نام ہمیشہ روشن رہے گا۔پروفیسر محبوب ثاقب نے کہا کہ مقبول احمد کا شمارموجودہ عہد کے ایسے معتبر اور استاد شعراء میں ہوتا ہے جنھیںغزل ،نظم، رباعی اور قطعہ جیسی مختلف اصناف پر قدرت حاصل ہے۔ ایم۔یو کالج کے پرنسپل پروفیسر راجکمار مسکے، فیاض علی سکندر، پروفیسر لکشمی کانت پنسلوار نے بھی خطاب کیا اور خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر صابر محمود نے نظامت کی اور یوسف احمد نے شکریہ ادا کیا۔اس کے بعد پروفیسر مقبول احمد کی صدارت میں کل ہند مشاعرہ منعقد ہوا۔مولانا تصدق ندوی صدر جمعیۃ العلما بیدر اور مولانا توفیق قاسمی نے مہمانا نِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔پرویز حیدر،اکراماظہر،فیاض علی سکندر، فرید مونس،اسرار دانش،ابو اشہر زہیر،انور حسین،ڈاکٹر ثاقب منشا،مبین عاقب،عقیل احمد، شاداب شرمالی،محمد شاکر،یوسف احمد اور ناظمِ مشاعرہ عمرانراغب نے کلام سنایا۔