استقبال رمضان کیلئے مسجد حرام کا باب شاہ عبدالعزیز کھولنے کی ہدایت

   

مکۃ المکرمہ۔30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی جنرل پریذیڈنسی برائے امور الحرمین الشریفین کے صدر نشین شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبد العزیز السدیس نے مسجد حرام کے تاریخی دروازے شاہ عبدالعزیز کو فوری طور پر کھولنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ استقبال رمضان کی خاطر مسجد حرام میں تعمیر ومرمت کا کام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ڈاکٹر عبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس نے مسجد حرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹوریٹ پر زور دیا کہ حرم میں جاری مرمت اور اصلاح کے کاموں کو کم سے کم وقت میں معیاری انداز میں مکمل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے تاکہ رمضان المبارک میں فرزندان توحید کی غیر معمولی تعداد کے باعث متعمرین اور نمازیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔السدیس نے مسجد حرام میں جاری تعمیر ومرمت کے کاموں کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ انھوں نے مملکت کے بانی شاہ عبد العزیز سے نام سے موسوم دروازہ کی مرمت اور اصلاح کے منصوبے پر کام کرنے والے حکام اور انجنیئرز سے براہ راست سوالات بھی کئے۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اللہ کے مہمانوں کے آرام اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے تعمیر ومرمت کے کام کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کریں۔ انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والے عمال اور نگران انتظامیہ کو ہدایت کی وہ اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کو بروئے کار لاتے ہوئے تعمیر کو مملکت کی اعلی قیادت کی توقعات اور ویژن 2030 کی روشنی میں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ باب شاہ عبدالعزیز مسجد حرام کے اہم داخلی دروازوں میں شامل ہے اور اس کے ذریعے فرزندان توحید کی بڑی تعداد حرم کی حدود میں داخل ہوتی ہے۔ حالیہ تعمیراتی کاموں کی تکمیل پر دروازے کی اونچائی 48 میٹر تک ہو جائے گی جسے رش کے اوقات میں بھی بیت العتیق میں داخلے کے خواہش مند بہ آسانی استعمال کر سکیں گے۔