استنبول :ترکیہ میں زلزلے کی تباہی کے بعد کاروباری مندی کے باعث گزشتہ 24 سال میں پہلی مرتبہ استنبول اسٹاک ایکسچینج کو 5 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔استنبول اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے کے بعد کاروباری اتار چڑھاؤ اور قیمتوں میں غیر معمولی تبدیلیوں کے باعث اسٹاک ایکسچینج کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ کاروبار کی بندش کے اعلان سے قبل کافی نقصان دیکھا گیا ہے، ٹرانزیکشنز انتہائی کم ہوجانے کے بعد 8 فروری سے بندش کے باعث کیے گئے تمام تجارتی سودے منسوخ تصور کیے جائیں گے اوریہ بندش 14 فروری کی شام تک جاری رہے گی۔ترک اپوزیشن کے رکن اسمبلی مورات باکن نے استنبول اسٹاک ایکسچینج بند کرنے کے اعلان پر اپنے رد عمل میں کہا کہ صرف کاروباری بندش کا اعلان کافی نہیں ہے، اسٹاک ایکسچینج کو زلزلے کے روز سے ہونے والے تمام تجارتی سودے منسوخ کردینے چاہیے۔اپنے ٹوئٹ بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کے ایسے فیصلے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے یا اب تک مدد کے منتظر 5 لاکھ سے زائد چھوٹے سرمایہ کاروں کے سرمائے کو تحفظ مل سکے گا جنہیں اس وقت انٹرنیٹ تک رسائی بھی حاصل نہیں ہے۔