اسد الدین اویسی دو اسمبلی حلقوں میں ووٹر

   


کانگریس پارٹی کی الیکشن کمیشن سے شکایت
حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان میں حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد اویسی کا نام 2 علحدہ اسمبلی حلقوں میں درج ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اور الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے اس سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر آف انڈیا راجیو کمار کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے 5 جنوری کو جو قطعی فہرست رائے دہندگان جاری کی ہے ، اس میں اسد اویسی کا نام 2 اسمبلی حلقہ جات میں درج ہے اور یہ اقدام الیکشن کمیشن کے قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ نرنجن نے فہرست رائے دہندگان کی تفصیلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی راجندر نگر میں سیریل نمبر 906 اور خیریت آباد اسمبلی حلقہ میں سیریل نمبر 412 کے تحت اسد الدین اویسی کا نام شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کا دو اسمبلی حلقہ جات میں نام درج ہونا الیکشن مشنری کی کوتاہی کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے دونوں اسمبلی حلقہ جات کی تفصیلات جو ویب سائیٹ سے ڈاؤن لوڈ کی گئی روانہ کرکے ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا۔