تل ابیب ؍ دمشق : یہ انکشاف ہوا ہے کہ اسرائیل نے شام میں معزول اسد حکومت کے ساتھ وٹس ایپ کے ذریعے خفیہ طور پر رابطہ کیا اور اس تناظر میں مختلف کاروائیاں کیں۔ اسرائیل کے یدیوت احرونوت اخبار کی خبر کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس نے معزول حکومت سے ’’موسیٰ‘‘ کے کوڈ نام سے رابطہ کیا اور یہ رابط شام میں ایران اور حزب اللہ کے خلاف فضائی حملوں کے بعد اسد حکومت کے سابق وزیر دفاع علی محمود عباس کے ساتھ قائم ہوا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے اسد حکومت کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں ہٹانے کے بدلے میں لبنان کو ہتھیاروں کی ترسیل روکنے کے لیے ایک خفیہ معاہدے پر بات چیت کی۔ خیال رہے کہ شام میں بعث حکومت 8 دسمبر کو زوال پذیر ہو گئی تھی اور اسد اور ان کا خاندان روس فرار ہو گیا تھا۔ اس عمل میں محمد الابشیر کو مارچ 2025 تک عبوری انتظامیہ کا وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے۔