اسرائیلی طیارہ کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ

   

تل ابیب ؍ ریاض : بحر ہند کے جزیرے ملک سیچلس سے اسرائیلی شہریوں کو واپس لے جانے والے ایک طیارے نے منگل کو ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کی۔اسرائیل نے سعودی عرب کی مہمان نوازی کی خیر سگالی کی علامت کے طور پر تعریف کی۔ 128 مسافروں کو لے جانے والے ایئر سیچلس کی پرواز کو پیر کو تکنیکی خرابی کی وجہ سے لینڈنگ پر مجبور کیا گیا۔ اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ مسافروں نے رات جدہ کے ہوائی اڈے کے ہوٹل میں گزاری اور انہیں اگلے روز ایئر لائن نے متبادل طیارے سے واپس بھیج دیا۔مسافروں نے بعد میں اپنے تاثرات میں بیان کیا کہ جب کیبن میں جلنے کی تیز بو آئی اور پائلٹ نے انٹرکام پر یہ کہا کہ طیارے کو سعودی عرب میں ہنگامی طور پر رکنے پر مجبور کیا جائے گا، ایک ایسا ملک جس کے ساتھ اسرائیل کے کوئی فضائی روابط یا سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔مسافروں نے بتایا کہ لینڈنگ کے بعد جہاز میں درجنوں افراد کے پھنسے رہنے سے تناؤ بڑھ گیا، جب کہ عملے کے لوگ یہ جاننے کیلئے بے تاب تھے کہ آگے کیا کرنا ہے۔ مگر جلد ہی سعودی سیکورٹی فورسز نے اسرائیلی مسافروں کو ایک ہوٹل تک پہنچا دیا۔