اسرائیلی فوجیوں پر خواتین کے ریپ کے بعد قتل کا الزام

   

غزہ: الشفا ہاسپٹل میں اسرائیلی آپریشن ساتویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔ ایک طرف جہاں اسرائیلی فوج نے سینکڑوں مریضوں، بے گھر فلسطینیوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم دیا ہے وہیں یہ انکشاف ہوا ہے کہ صیہونی فوج آپریشن کے دوران فلسطینی خواتین کا ریپ کرکے انہیں قتل کررہی ہے۔الشفا ہاسپٹل کے قریب ایک عمارت میں پھنسی ہوئی ایک فلسطینی خاتون نے الجزیرہ کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ کے سب سے بڑے ہاسپٹل پر جاری چھاپے کے دوران خواتین کو اغوا کرکے ریپ کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کردیا۔جمیلہ الحسی (جنہوں نے 6 دن عمارت کے اندر محصور رہ کر گزارے) نے بتایا کہ الشفا ایک ’جنگی علاقہ بن چکا ہے۔فلسطینی خاتون نے کہا کہ اسرائیل فوجیوں نے خواتین کا ریپ کیا، انہیں اغوا کیا اور گولیاں برسا کر قتل کردیا اور ان کی نعشیں اپنے کتوں کے آگے رکھ دیں۔ان کا کہنا تھا کہ کیا اس سے بھی بدتر کچھ اور ہوسکتا ہے؟ کیا خواتین کو مدد کیلئے پکارنے کی آواز سننے سے بڑھ کر کوئی اور خوفناک بات ہوسکتی ہے اور جب ہم مدد کیلئے اسرائیلی فوجیوں تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ ہم پر گولی چلا دیتے ہیں؟خاتون نے کہا کہ ہم جسمانی اور نفسیاتی طور پر ایک وحشیانہ جنگ برداشت کر رہے ہیں۔