تل ابیب : اسرائیل کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے جمعرات کو متفقہ طور پر پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے لئے ووٹ دیا گیا کیوں کہ وزیراعظم نیفتالی بنیٹ حکومت کا اتحاد ختم ہوگیا۔ اِس طرح ملک میں 4 سال سے کم عرصہ میں پانچویں عام انتخابات کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ 120 رکنی اسرائیلی پارلیمنٹ میں پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے لئے 92 ارکان نے ووٹ دیا۔ میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کی تحلیل اور ارکان کی جانب سے اُس کی حمایت کے بعد اب یکم نومبر کو اسرائیل میں انتخابات ہوں گے۔ توقع ہے کہ نیفتالی بنیٹ ، وزیر خارجہ ایئر لاپڈ کو اختیارات حوالے کردیں گے اور وہ جمعہ کو کارگذار وزیراعظم بن جائیں گے۔