اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بھی ہوسکتی ہے : اقوام متحدہ قاصد

   

اقوام متحدہ ۔ 21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ قاصد نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان قیام امن کا مقصد اب فوت ہوتا جارہا ہے کیونکہ ہر گزرنے والے دن کے ساتھ تشدد اور جھڑپوں میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان اب جنگ چھڑ جانے کے اندیشے بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ نکولے ملادنیوف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو یہ بھی بتایا کہ دو ملکی بات چیت ایک بار پھر ہاتھ سے نکلتی جارہی ہے۔ بہ الفاظ دیگر انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ جس بات کی ضرورت ہے وہ ہے تبدیلی کیلئے ایک مؤثر قیادت اور سیاسی عزائم کی۔ جب تک دونوں ممالک ان دو چیزوں سے دور رہیں گے، قیام امن بھی ان سے دور ہی رہے گا اور وہ ایک دوسرے پر حملہ کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے جو یقینا ایک افسوسناک بات ہوگی۔ ملادنیوف نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے قائدین کو یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ قیام امن صرف بات چیت کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔