چارمینار ، چومحلہ پیالیس ، گنبدان قطب شاہی اور کٹورا ہاؤس کی تزئین نو کے اقدامات

   

وزیر سیاحت کرشنا راؤ نے کاموں کا جائزہ لیا، مچھلی کمان کی بحالی کیلئے 3.64 کروڑ مختص، سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ

حیدرآباد ۔15۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے آج گنبدان قطب شاہی، کٹورا ہاؤس اور خزانہ بلڈنگ میوزیم کا دورہ کرتے ہوئے تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ جوپلی کرشنا راؤ نے تاریخی چارمینار اور چو محلہ پیالیس کا بھی دورہ کیا اور تزئین نو کے کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں اور مقامی عوامی نمائندوں کے ہمراہ وزیر سیاحت نے گنبدان قطب شاہی کے تعمیری اور مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کٹورا ہاؤس کی بحالی کے منصوبہ پر عہدیداروں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے گنبدان قطب شاہی کے اطراف اراضیات کے سلسلہ میں وقف ٹریبونل میں جاری مقدمہ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متنازعہ اراضی سے ہٹ کر علاقوں میں تزئین نو کے کام اندرون ایک ہفتہ شروع کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں کوئی انتظامی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ وزیر سیاحت نے گولکنڈہ قلعہ اور گنبدان قطب شاہی کے درمیان مجوزہ 1.3 کیلو میٹر روپ وے پراجکٹ کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ یہ پراجکٹ منظوری کے مرحلہ میں ہے۔ ریاستی وزیر نے تفصیلی پراجکٹ رپورٹ جلد تیار کرتے ہوئے ضروری اجازت نامے حاصل کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی وزیر نے عہدیداروں سے کہا کہ کٹورا ہاؤس کی بحالی کیلئے ڈپارٹمنٹ آف آرکیالوجی ، جی ایچ ایم سی ، ایچ ایم ڈی اے اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو مشترکہ طور پر پلان تیار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کٹورا ہاؤس سے کچرے اور دیگر ناکارہ اشیاء کی صفائی کا کام انجام دیں۔ ریاستی وزیر نے قلعہ گولکنڈہ کے قریب کھلی اراضی پر شاپنگ کامپلکس کی تعمیر کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے گنبدان قطب شاہی میں مقامی دست کاروں کی مصنوعات کو پیش کرنے کا مشورہ دیا۔ کرشنا راؤ نے منیجنگ ڈائرکٹر ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن گوتمی اور ڈائرکٹر آرکیالوجی ارجن راؤ کے ہمراہ چارمینار اور چو محلہ پیالیس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو تاریخی مچھلی کمان کی بحالی کیلئے 3.64 کروڑ مختص کیا ہے۔ عنقریب ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے اور مقررہ وقت پر کاموں کی تکمیل ہوگی۔ وزیر سیاحت نے کمان سحر باطل کی بحالی اور چارمینار کے قریب فاؤنٹین کی بحالی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو سیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت نے نئی سیاحتی پالیسی تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی تمام تاریخی عمارتوں کے تحفظ کیلئے خصوصی ماسٹر پلان تیار کیا جارہا ہے۔1/k