ڈپٹی چیف منسٹر اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا اظہار تعزیت
حیدرآباد۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد و کھمم سٹی کانگریس کمیٹی کے سابق صدر محمد جاوید ایک سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے جس سے متحدہ ضلع کھمم اور کانگریس کے حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضاء چھا گئی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کے علاوہ دوسرے قائدین نے محمد جاوید کی سڑک حادثہ میں موت پر گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی گاڑی میں کھمم سے حیدرآباد جارہے تھے۔ کھمم۔ حیدرآباد شاہراہ پر پلامری کے قریب ان کی گاڑی بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ محمد جاوید کی اچانک موت کی خبر سنتے ہی سیاسی و سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ انہیں ایک متحرک اور باوقار قائد کے طور پر یاد کیا جارہا ہے جنہوں نے پارٹی اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے محمد جاوید کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاوید کی موت پارٹی کے لئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے ضلع کھمم کے پارٹی قائدین سے فون پر رابطہ کرکے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں اور مرحوم کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ 2؍F