اسرائیل: ایرانی فوجی جنرل سلیمانی کی برسی پر’ یروشلم پوسٹ ‘ ہیک

   

یروشلم: اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کی ویب سائٹ اب معمول کے مطابق کام کرنے لگی ہے تاہم ہیکروں نے ہیک کرنے کے بعد اس پر ایران نواز تصویریں پوسٹ کر دیں۔ یہ واقعہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی دوسری برسی کے موقع پر پیش آیا۔ہیکروں نے پیر کی صبح کو اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کو نشانہ بنایا جس کی وجہ سے اس نے کچھ دیر کے لیے کام کرنا بند کر دیا۔صارفین تک اس کے مواد کی رسائی رک گئی۔ بعد میں اس پر ایک تصویرپوسٹ کردی گئی، جس میں ایک راکٹ کو آسمان میں ایک بند مٹھی سے نکل کرایک عمارت کو تباہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔تصویر کے ساتھ انگلش اور عبرانی میں ایک دھمکی آمیز پیغام بھی درج ہے، جس میں کہا گیا، ہم تمہارے بہت قریب ہیں، اتنے قریب جس کے بارے میں تم سوچ بھی نہیں سکتے۔یہ واقعہ ایران کے اعلی فوجی جنرل قاسم سلیمانی کی عراق میں دو سال قبل قتل کی برسی کے موقع پر پیش آیا ہے۔