ہند کے 2024 ء عام انتخابات میں دھاندلیاں
روش کمار
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینوں پر جس طرح کے مظالم ڈھائے ہیں اس کا تصور کرکے انسانیت کانپ جاتی ہے ۔غزہ میں فلسطینیوں کا جو قتل عام کیا گیا ، اُن کی نسلی تطہیر کی گئی وہ انسانی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے ۔ اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں نتین یاہو کی لیکوڈ پارٹی کو اقتدار کیلئے درکار نشستیں حاصل نہ ہوسکی اور وہ ایک طرح سے اقتدار سے باہر ہوگئے ۔ اسرائیل کی اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ نیتن یاہو کو ہٹانا قومی ایمرجنسی ہے جس طرح سے نیتن یاہو نے اپوزیشن پر حملہ کیا ہے اس سے لگتا ہے کہ حکومت تشکیل دینے والا اور کرسی سے محروم ہونے والا دونوں ہی بے چین ہیں۔
8نومبر کو اسرائیلی صدر نے آئزن کوٹ کو تشکیل حکومت کی دعوت دی ۔ نومنتخب ارکان پارلیمان نے اُنھیں وزیراعظم کے طورپر اپنی پسند بتائی ۔ 67 اراکان سنیٹ کی تائید و حمایت کو لیکر بھی آئزن کوٹ حلف لینے سے دور نظر آرہے ہیں ۔ نیتن یاہو ہر حال میں ا پوزیشن اتحاد کو توڑنا چاہ رہے ہیں مگر اُن کے بیانات سے اپوزیشن متحد ہوتا نظر آرہا ہے ۔
اسرائیل کی پارلیمنٹ نیسٹ میں نیتن یاہو کے خطاب کے دوران جو ہوا ہے جس طرح سے نیتن یاہو نے زہریلا خطاب کیا اس سے صاف ہوگیا ہے کہ نیتن یاہو خود سے کبھی نہیں جائیں گے اور اُن کا جانا اتنی جلدی پورا نہیں ہوگا ۔ اسرائیل اُن کے بچھائے جال میں اتنا پھنس چکا ہے کہ پاؤں باہر نکالے گا تو پہلے زخمی ہوگا اور نکال بھی نہیں پائے گا ۔ یہ کوئی عام یا معمول کا خطاب نہیں تھا نئے ارکان کے اعزاز میں کیا گیا جشن تھا ۔ یہاں کئے گئے خطاب کے دوران سب نے بھانپ لیا کہ نیتن یاہو کو کرسی جانے کا ڈر ستارہا ہے ۔ اگر چلی گئی تو اُن کے خلاف 7 اکتوبر 2023 ء کے حماس حملہ کو لیکر تحقیقات شروع ہوجائے گی ۔ بدعنوانی کے الزامات میں پہلے ہی سے تحقیقات چل رہی ہے اور تحقیقات صحیح ہوئی تو جس اسرائیل کی تاریخ میں وہ ہمیشہ کیلئے اپنا نام درج کروانے چاہتے تھے کلنک کی شکل میں یاد کئے جائیں گے اس لئے ارکان کی حلف برداری کے دوران نیتن یاہو کا خطاب نفرت سے بھرا ہوا تھا جب خطاب کرنے آئے تو 21 منٹ تک آبادی میں 25% عرب اور عرب جماعتوں کے خلاف بولتے رہے ، یہ کہتے رہے کہ اگر آئزن کوٹ نے عرب جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرلیا تو اسرائیل کا خاتمہ ہوجائے گا ۔ اسرائیل کے عام انتخابات میں دو عرب جماعتوں کو 19 نشستیں حاصل ہوئیں ہیں ۔ کیا 19 سیٹیس جیتنے والا اتحاد اسرائیل مخالف ہے ؟ آج یہ دونوں جماعتیں حکومت بنانے اور گرانے کی طاقت رکھتے ہیں ۔ نیتن یاہو ابھی تک اُن پر بیرونی فنڈنگ اور بیرونی مداخلت کے الزامات عائد کرتے رہے جبکہ اسرائیل کا الیکشن کمیشن ایسے دعوؤں کی کئی بار تردید کرچکا ہے ۔
اسرائیلی میڈیا نیتن یاہو کے اس خطاب کا مضحکہ اُڑا رہا ہے ۔ اسرائیلی اخبار ہارٹیز نے تو اداریئے میں لکھا ہے کہ نیتن یاہو کا خطاب گراوٹ کی بدترین مثال تھا ۔ مطلب وہ اور زیادہ گرگئے ۔ مصنف یو سی ورٹر کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو جھوٹ بتارہے ہیں چاہتے ہیں کہ پھر سے انتخابات ہوجائیں اور اُن کا اقتدار برقرار رہے اس لئے کچھ بھی بکے جارہے ہیں ۔ ورٹر کے مطابق نیتن یاہو چاہتے ہیں کہ گادی آئزن کوٹ کسی بھی حال میں عرب جماعتوں سے اتحاد نہ کریں۔ یہ بھی چاہتے ہیں کہ اُن کے خطاب سے متاثر ہوکر عام لوگ 17 نومبر کو نیسٹ تک مارچ کریں اور اقتدار کی منتقلی سے پہلے ہی احتجاجی مظاہرہ کریں ۔ ٹھیک اسی طرح امریکہ میں ہوا تھا ۔ ٹرمپ کے انتخابات ہارنے کے بعد جنوری 2021 ء میں ہجوم نے اور اُن کے حامیوں نے کیپٹل ہل پر حملہ کردیا ۔ ہجوم کہنے لگا کہ ٹرمپ ہارے نہیں دھاندلی سے ہرائے گئے ہیں۔ امریکی پارلیمنٹ میں توڑ پھوڑ کی گئی تھی، نتین یاہو کی اپیل کو کیپٹل ہل کے حملہ سے جوڑا جارہا ہے ۔
ہارٹیز کے ہی ایک اور کالم نگار و تبصرہ نگار کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کے نسلی منافرت پر مبنی خطاب نے اپوزیشن خیمہ کو متحد کردیا ہے ۔ اپوزیشن کو یہ پیام ملا ہے کہ اگر نیتن یاہو اقتدار پر برقرار رہیں تو اسرائیل برباد ہوجائے گا ۔ اس نیتن یاہو کے ساتھ ہاتھ ملانا عرب جماعتوں کے ساتھ ہاتھ ملانے سے ہزار گنا خطرناک ہے ۔ ہارٹیز ہی نہیں اسرائیل کے ایک اور اخبار یروشلم پوسٹ نے نیتن یاہو کے سابق مشیر کا بیان شائع کیا ہے کہ نیتن یاہو کے خطاب کو آنکھ بند کرکے سنا تو اُن کی گھبراہٹ صاف طورپر جھلک رہی تھی ۔ ایک اور مضمون میں یروشلم پوسٹ نے اپوزیشن کو چیلنج کیا ہے کہ صرف نفرت کی بنیاد پر اپنے اتحاد اور پالیسیوں کو طئے نہ کریں ۔ جوناتھن پولارڈ نے لکھا ہے کہ گادی آئزن کوٹ حکومت بنانے سے زیادہ نیتن یاہو کی مخالفت میں اُترے ہوئے ہیں ۔ اکثریت کا احترام کرنے کی بجائے نیتن یاہو کے خلاف مورچہ کھولے ہوئے ہیں۔
پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کے خطاب کے دوران جو بھی ہوا اس سے پتہ چلتا ہے کہ اسرائیل میں اُنھیں لیکر کتنا غصہ ہے ۔ اُن کے خطاب کے درمیان دھکم پیل ہوگیا ، ایوان کا بائیکاٹ تک کردیا گیا ۔ جس وقت نیتن یاہو اپنے خطاب میں بیرونی فنڈنگ کا راگ الاپ رہے تھے اُن کے سامنے سابق وزیراعظم نفٹالی بنفٹ کھڑے ہوگئے اور چلاکر کہنے لگے کہ آپ کے مشیروں کی ٹیم میں قطر کے لوگ گھسے ہوئے ہیں اسے لیکر سرکاری تحقیقات کیوں نہیں ہونی چاہئے ۔ آپ قطر کو دشمن ملک قرار کیوں نہیں دیتے ؟ نیتن یاہو اپنا خطاب دیتے رہے کہ بیرونی فنڈنگ کی جانچ ہونی چاہئے ۔ عرب پارٹیوں کے ساتھ حکومت نہیں بنانی چاہئے لیکن نفٹالی بنفٹ نے اُنھیں چھوڑا نہیں بھرے ایوان میں پوچھا کہ ایران سے جنگ کے دوران آپ کے مشیران کو قطر سے تنخواہ ملتی رہی ۔ آپ کس فنڈنگ کی بات کررہے ہیں۔
اب چلتے ہیں ہمارے اپنے ملک ہندوستان ، 2024 ء کے لوک سبھا انتخابات کیا دھوکہ اور دھاندلی سے جیتے گئے ۔ سوال یہ نہیں کہ آپ اس میں یقین کرتے ہیں یا نہیں سوال یہ ہے کہ جو رپورٹ آئی ہے اس کا کیا جواب ہے ۔ ایک زمانہ تھا جب کچھ حلقوں میں باہوبلی بوتھ لوٹ لیا کرتے تھے کچھ ہی حلقوں کی بات تھی مگر اس زمانے کی بات الگ ہے ۔ اس رپورٹ کے بعد صرف 2025 ء کے اسمبلی انتخابات ہی نہیں 2024 ء کے لوک سبھا انتخابات پر بھی سنگین سوال اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں کیونکہ رپورٹرس کلکٹو کی رپورٹ میں مہاراشٹرا کے اسمبلی اور 2024 ء کے لوک سبھا انتخابات پر سولات اُٹھائے جو غور سے پڑھئے اس سے پہلے کہ یہ رپورٹ ہندوستان میں روک دی جائے ، پوسٹ ہٹادیا جائے اس رپورٹ کو یاد کرلیجئے ۔ لگتا ہے کہ دھاندلی سے چناؤ جیتنے کے فارمولے کا استعمال لوک سبھا انتخابات میں ہوگیا تھا تب مہاراشٹرا میں کانگریس اتحاد کو زیادہ سیٹیں آئی ۔ کانگریس کو شائد لگا ہوگا کہ سب صحیح ہے ۔ کچھ ہی ماہ بعد ودھان سبھا انتخابات میں جب کانگریس اتحاد کا پوری طرح صفایا ہوگیا ۔ بی جے پی ۔ شیوسینا شنڈے کا اتحاد جیت گیا تب کانگریس کو ہوش آیا اور راہول گاندھی نے 3 فبروری 2025 ء کو لوک سبھا میں مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات دھاندلی کا مسئلہ اُٹھایا ۔ 7 فبروری 2025ء کو پریس کانفرنس کی ، 7 جون کو انڈین ایکسپریس ، دینک جاگرن میں مضمون لکھا اس وجہ سے مہاراشٹرا اور ہریانہ اسمبلی انتخابات شکوک و شبہات کے دائرے میں آئے لیکن رپورٹرس کلکٹو کی نئی رپورٹ کے بعد 2024 ء کا لوک سبھا چناؤ بھی سوالوں سے گھرگیا ہے ۔ اگر الیکشن کمیشن نے عوام کے سامنے سارے دستاویزات نہیں رکھے تو اُس کا ایک ہی مطلب ہے الیکشن کمیشن ذمہ دار ہے ۔