اسرائیل نے اتحادی ملکو ں کے 2ریاستی حل کے مطالبہ کو مسترد کردیا

   

تل ابیب : اسرائیل نے اتحادی ملکوں کے 2 ریاستی حل کے مطالبہ کوواضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے وزیر اعظم نیتن یاہو کی پیش کردہ قرارداد منظور کی جس میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بین الاقوامی کوشش کو مسترد کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق نیتن یاہو کی پیش کردہ قرارداد پر اسرائیلی پارلیمنٹ کے 99 ارکان نے حمایت میں اور 9 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے بدستور جاری ہیں، امدادی ٹرکوں پر بھی حملے کیے جارہے ہیں، حملوں کے باعث ورلڈ فوڈ پروگرام نے شمالی غزہ میں امداد کی ترسیل روک دی ہے۔ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 118 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جب کہ 163 زخمی ہوئے ہیں۔غزہ میں اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 29 ہزار 313 ہوگئی ہے، غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 69 ہزارسے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ادھر برطانوی ہائی کورٹ نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت روکنے کیلئے دائردرخواست مسترد کردی۔لیگل ایڈووکیسی گروپ نے برطانیہ کی جانب سے اسرائیل کے لیے ہتھیار روکنے کی پٹیشن دائر کی تھی۔فلسطینی انسانی حقوق کے گروپ نے عدالتی فیصلیکے خلاف اپیل دائرکرنیکا فیصلہ کیا ہے۔