اسرائیل نے بمباری کرکے اپنے ہی 7 قیدی ہلاک کردیئے

,

   

تل ابیب : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری کرکے اپنے ہی 7 قیدیوں کو ہلاک کر دیا۔حماس کے مطابق ان قیدیوں کی ہلاکت کا اعلان چند ہفتوں سے جاری تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں مزیدشدت آگئی ہے، خوفناک بمباری میں مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کا کہنا ہے کہ غزہ پر جاری بے رحمانہ بمباری کے دوران بھوک وپیاس کے شکار فلسطینی خوراک اور پانی کے حصول کیلئے اپنی جانیں خطروں میں ڈال رہے ہیں۔جنوبی افریقہ، برازیل اور فلسطینی وزارت خارجہ نے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملہ کی شدید مذمت کی ہے جبکہ بھارت نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔جنوبی افریقہ نے حملہ کو عالمی عدالت انصاف کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ فلسطینی وزارت خارجہ نے امدا د کے متلاشی فلسطینیوں پر حملہ کرنے پر اسرائیل کیخلاف عالمی پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندوستان نے شمالی غزہ میں امداد کیلئے جمع فلسطینیوں کے قتل پر افسوس کااظہار کیا ہے جبکہ امریکی صدر اس حوالے سے صحافی کے سوال کا جواب گول کر گئے اور کہا کہ امریکہ فضا سے غذا پھینکے گا۔ برازیل نے 100سے زائد فلسطینی امداد کے متلاشیوں کی شہادت کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائی کی کوئی اخلاقی یا قانونی حد نہیں ہے۔