ہر سال فلسطینیوں کو اسرائیلی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ تک ان کی رسائی محدود ہوتی ہے۔
اسرائیل غزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کو رمضان کے مقدس مہینے کے دوران مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روکنے کا منصوبہ رکھتا ہے، جس کا آغاز یکم مارچ سے متوقع ہے۔
اسرائیل براڈکاسٹنگ اتھارٹی (ائی بی اے) کے مطابق، پولیس نے رمضان کی تیاریوں کے لیے اپنی افواج کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور یروشلم اور الاقصیٰ کمپاؤنڈ کی طرف جانے والی چوکیوں پر روزانہ 3,000 اہلکاروں کو تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، فلسطینی انفارمیشن سینٹر (پی ائی سی) نے رپورٹ کیا۔
پولیس نے مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے صرف 10,000 اجازت نامے دینے کی سفارش کی۔
داخلے کی اجازت 55 سال اور اس سے زیادہ عمر کے مردوں اور 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین کو دی جائے گی۔
آئی بی اے نے کہا، “پولیس نے 12 سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی الاقصیٰ کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت دینے کی سفارش کی ہے اگر ان کے ساتھ کوئی بالغ ہو۔” تاہم حکومت نے ابھی تک ان سفارشات کو منظور نہیں کیا ہے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے درمیان ہر سال فلسطینیوں کو اسرائیلی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو رمضان کے دوران مسجد اقصیٰ تک ان کی رسائی کو محدود کر دیتے ہیں۔
مسجد اقصیٰ اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے، جب کہ یہودی اس علاقے کو ٹمپل ماؤنٹ کہتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ اس میں دو قدیم مندر تھے۔ اسرائیل نے 1967 میں مشرقی یروشلم پر قبضہ کیا اور 1980 میں اس کا الحاق کر لیا، یہ اقدام عالمی برادری کی جانب سے غیر تسلیم شدہ ہے۔