اسرائیل کا یو اے ای میں سب سے بڑا سفارتخانہ قائم کرنے کا اعلان

   


آئندہ سال جنوری سے کارکرد ،اسرائیلی وزارت خارجہ کی تصدیق
ابو ظہبی: اسرائیل نے ابوظہبی، متحدہ عرب امارات میں سب سے بڑا سفارتخانہ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جنوری 2021ء کے اوائل میں یہ سفارتخانہ اپنا کام کاج شروع کردے گا۔ اسرائیل کی وزارت خارجہ نے اس تصدیق کی ہے۔ تل ابیب میں ایک سفارتکار نے نام کو خفیہ رکھنے کی شرط پر بتایا کہ یہ سفارتخانہ سب سے بڑا ہوگا جو واشنگٹن، لندن اور ماسکو کے سفارتخانہ کے برابرہوگا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈسمبر کے ختم یا جنوری 2021ء کے اوائل میں سفارتخانہ کا افتتاح ہونے کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ابوظہبی میں سفارتخانہ ہوگا جبکہ دبئی میں قونصل جنرل قائم کیا جائے گا۔ اسرائیل نے آئندہ ماہ تک عرب امارات میں سفارت خانہ اور قونصل خانہ کھولنے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔جاریہ سال اگسٹ میں متحدہ عرب امارات میں اسرائیل کے ساتھ راست کالنگ کو بحال کرتے ہوئے اس کا کوڈ (+972) جاری کیا تھا۔ اگسٹ میں ہی دونوں ممالک کے درمیان کمرشیل اور راست فلائیٹس کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ اس سال کے اوائل میں دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ پر دستخط کئے گئے جبکہ بحرین، مصر اور اردن نے پہلے ہی اسرائیل سے امن معاہدہ کیا ہے۔ حال ہی میں مراقش نے بھی اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کرلئے ہیں۔