اسلام آباد ہائی کورٹ کا سائفر کیس ٹرائل روکنے کا حکم

   

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سائفر ٹرائل پر حکم امتناع کی درخواست منظور کرتے ہوئے ٹرائل روکنے کا حکم دے دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے 12 دسمبر کے حکم نامے کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ٹرائل روک دیا جائے، جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ نوٹس جاری کررہے ہیں، اس کے بعد عدالت اس معاملے کو دیکھے گی۔سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل عثمان ریاض گل نے عدالت میں 12 دسمبر کا آرڈر پڑھا اور موقف اختیار کیا کہ سیکشن 13 کے سب سیکشن 3 کے تقاضے کے مطابق ٹرائل کورٹ میں عدالتی کارروائی نہیں ہو رہی، قانون میں لفظ کمپلینٹ کا ذکر کیا گیا ہے، ایف آئی آر کا نہیں یہ اسپیشل قانون ہے اسی کے تحت عدالتی کارروائی ممکن ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کا پوائنٹ کیا ہے؟ کون سا تقاضا پورا نہیں کیا گیا ؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ کمپلینٹ کے بجائے ایف آئی آر کے تحت یہ کارروائی آگے بڑھ رہی ہے جو قانونی طور پر درست نہیں، قانونی طور پر حکومت کے مجاز افسر نے براہ راست عدالت میں کمپلینٹ دائر کرنی تھی۔