اسلام کے متعلق توہین آمیز بیان ،عیسائی فنکارہ کی پادری کو سرزنش

   

قاہرہ : مصری خاتون فن کار عائدہ ریاض نے عیسائی پادری زکریا پطرس کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مذکورہ پادری نے حال ہی میں دینِ اسلام کے بارے میں توہین آمیز بیان دیا تھا۔ اس کے نتیجے میں تنازعہ کھڑا ہوگیا۔عائدہ نے اتوار کی شام اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پادری زکریا پطرس کی تصویر پوسٹ کی جس پر “Cross” کا نشان لگا ہوا تھا۔ عائدہ نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ میں دین اسلام کی کسی بھی صورت میں توہین کو مسترد کرتی ہوں۔ میں اس کا بے حد احترام کرتی ہوں اور ایسی کوئی چیز نہیں جو ہمارے بیچ تفریق پیدا کر سکے۔مصری فن کارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں خود عیسائی ہوں اور ہمیشہ اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پیغمبر اسلام ؐکی ولادت کی خوشی مناتی ہوں۔اس سے قبل بیرون ملک مقیم مصری پادری زکریا پطرس نے اسلام اور رسول کریم ؐ کے بارے میں توہین آمیز بیان دیا تھا۔