اسمارٹ سٹی مشن کے تحت سری نگر میں ترقیاتی کام جاری

   

نئی دہلی: یونین ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ سکریٹری منوج جوشی نے ہفتہ کو کہا کہ جموں و کشمیر کے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں واقع شہر سری نگر کو اسمارٹ سٹی مشن کے تحت پھر سے بحال کیا جا رہا ہے ۔ جوشی نے اس سلسلے میں اسمارٹ سٹی مشن کے ایک ٹویٹ کو ٹیگ کرتے ہوئے کہاکہ سرینگر کو اسمارٹ سٹی مشن کے تحت نئی شکل دی جا رہی ہے ۔ کل 125 پروجیکٹوں پر ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ خرچ ہو رہے ہیں۔ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ، سائیکل لین، نکاسی آب کا نظام اور پارکنگ بنائی جا رہی ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی وجہ سے ہندوستان کے تاج (سری نگر) کو ایک نئی شکل مل رہی ہے ۔ وہاں آنے والے سیاحوں کی تعداد کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔ وزارت کی طرف سے ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ روزانہ 10,000 سیاح گنڈولا کی سواری کیلئے سری نگر کے گلمرگ کے سکی ریزورٹ کا رخ کرتے ہیں۔
سیاحوں کے مطابق گونڈولا پر سفر کرنا ایک انوکھا تجربہ ہے ۔ سری نگر کے لیے 980 کروڑ روپے کے اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت پورے شہر کو زیادہ قابل رسائی اور چلنے کے قابل بنایا جائے گا۔ اس کے تحت شہر میں 100 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ حال ہی میں شہر میں بین الاقوامی سطح کی جی۔ٹوئنٹی کانفرنس کی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ سری نگر کے میونسپل کمشنر اور سری نگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اطہر امیر خان نے حال ہی میں کہا تھا کہ شہر میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت 56 کام مکمل ہوچکے ہیں۔ سال کے آخر تک بیشتر منصوبوں پر کام مکمل ہو جائے گا اور اگلے سال جون تک تمام کام مکمل ہو جائیں گے ۔