بورا بنڈہ ، رحمت نگر ڈیویژنس کے عوام کو راحت ، پونم پربھاکر ، جی کشن ریڈی و دوسروں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر پونم پربھاکر اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں واٹر ریزر وائر کا افتتاح کیا اور مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ اس ذخیرہ آب کی تعمیر سے بورا بنڈہ اور رحمت نگر کے عوام کو پانی کے مسائل سے چھٹکارا ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ یوسف گوڑہ میں 75 لاکھ روپئے کے مصارف سے زیر زمین نالہ کو جدید بنانے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پونم پربھاکر نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے اپیل کی وہ بڑھتی آبادی کے پیش نظر شہر میں پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کرنے مدد کریں اور حیدرآباد کی ترقی میں مرکز سے مکمل تعاون کروائیں۔ برسوں سے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے رحمت نگر اور بورا بنڈہ ڈیویژنس میں پینے کے پانی کا مسئلہ تھا جو بڑی حد تک حل ہوگیا ۔ 20 کروڑ روپئے کی لاگت سے ذخیرہ آب تعمیر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2015 تک 8 لاکھ نل کے کنکشن تھے گذشتہ 10 سال میں نل کے کنکشنس میں 13.80 لاکھ کنکشن کا اضافہ ہوا ہے ۔ 10 سال تک برسر اقتدار بی آر ایس نے نئے پائپ لائن بچھانے اقدامات نہیں کئے جس سے عوام کو پینے کے پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔ کانگریس حکومت نے 7 ہزار 400 کروڑ کے مصارف سے 20 ٹی ایم سی پانی شہر کو منتقل کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ بہت جلد کاموں کا آغاز ہوجائے گا ۔ موسیٰ ندی کی صفائی کیلئے 3800 کروڑ کے اخراجات سے 39 ایس ٹی پیز کا عنقریب آغاز ہوگا ۔ پرانے شہر میں 301 کروڑ روپئے سیوریج کاموں کا بھی آغاز کیا گیا ہے ۔ مستقبل میں پینے کے پانی ضروریات کیلئے کشن ریڈی تعاون کریں ۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ انتخابات تک ہی سیاست محدود رہے گی ۔ بعد میں سیاست سے بالاتر ہو کر ترقیاتی اقدامات کئے جائیں گے ۔ شہر کی ترقی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے مرکزی حکومت مکمل تعاون کریگی ۔ مئیر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی ، جوبلی ہلز کانگریس انچارج محمد اظہر الدین ، راجیہ سبھا رکن انیل کمار یادو ، کارپوریٹر بابا فصیح الدین و دیگر قائدین ‘عہدیدار موجود تھے ۔ 2