اسمتھ نے ولیمسن سے پہلا مقام چھین لیا

   

دبئی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی چوتھے مقام پر پہنچ چکے ہیں جیسا کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اسٹیواسمتھ نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن سے پہلا مقام چھین لیا ہے۔ کوہلی جوکہ ساوتھمپٹن میں جمعہ کو نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کی قیادت کریں گے، ان کے نام ٹسٹ درجہ بندی کے 814 نشانات درج ہیں۔ کوہلی کے ساتھ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت 747 اور روہت شرما بھی 747 نشانات کے ساتھ مشترکہ طور پر چھٹے مقام پر فائز ہیں۔ اسمتھ جنہوں نے آخری مرتبہ گذشتہ برس باکسنگ ڈے ٹسٹ کے وقت پہلے مقام پر فائز تھے، اب انہوں نے ولیمسن سے پہلا مقام چھین لیا ہے۔ ولیمسن کے پاس موقع ہیکہ وہ ہندوستان کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے بہتر مظاہرہ کریں اور دوبارہ پہلا مقام حاصل کریں۔ ولیمسن کو پہلا مقام اس لئے گنوانا پڑا کیونکہ وہ زخمی ہونے کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف دوسرا ٹسٹ نہیں کھیل پائے جس کی وجہ سے انہیں پانچ نشانات کا نقصان برداشت کرنا پڑا اور اسمتھ سے وہ 891 نشانات کے ذریعہ پیچھے ہیں۔ اسمتھ 167 ٹسٹ مقابلے کھیلتے ہوئے پہلے مقام پر پہنچے ہیں جبکہ اس طرح کے ریکارڈ میں سابق عظیم کھلاڑی گیری سوبرس 189 مقابلوں اور ویون رچرڈس 179 مقابلے کھیلتے ہوئے پہلا مقام پر فائز رہے تھے۔ ٹسٹ بولنگ کی درجہ بندی میں ہندوستان کے سینئر بولر روی چندرن اشون 850 نشانات کے ساتھ دوسرے مقام پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنس 908 نشانات کے ساتھ پہلے مقام پر موجود ہیں۔ اشون سرفہرست 10 بولروں میں واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان جیسن ہولڈر 412 نشانات کے ساتھ آل راونڈرس کی فہرست میں پہلے مقام پر موجود ہیں جبکہ ہندوستانی آل راونڈر رویندر جڈیجہ 386 نشانات کے ذریعہ دوسرے اور اشون 353 نشانات کے ذریعہ چوتھے مقام پر موجود ہیں۔