اسٹار کھلاڑی کی عدم موجودگی سے کوئی فرق نہیں پڑتا :گواسکر

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ویراٹ کوہلی سمیت بڑے کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے حالانکہ انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا، لیکن انہوں نے بڑے کھلاڑیوں کے بارے میں جو کچھ کہا اس سے لگتا ہے کہ اشارہ ویراٹ کوہلی کی طرف ہے۔ گواسکر نے اس کے لیے دو سیریزکی مثالیں دیں۔ ان کے درمیان موازنہ کیا۔ ان میں سے ایک سیریز2021 میں ہندوستان کا دورۂ آسٹریلیا اور دوسری انگلینڈ کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز ہے ۔ یہ دونوں ایسی سیریز ہیں جس سے کوہلی باہر رہے لیکن ہندوستان نے سیریز میں کامیابی حاصل کی ۔ گواسکر نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے، اس میں اسٹارکھلاڑی ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سنیل گواسکر نے یہ باتیں دھرم شالہ میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری ٹسٹ سے پہلے کہیں۔ انہوں نے بڑے کھلاڑیوں کو نشانہ بناتے ہوئے جوکہا وہ اس وقت مزید واضح ہو جائے گا جب ان دونوں سیریزوں کے درمیان مماثلت کو سمجھیں گے جس کے بارے میں گواسکر نے بات کی ہے۔ جب ہندوستان نے 2020-21 میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تو کوہلی اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے لیے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کے بعد وطن واپس لوٹے۔ ایڈیلیڈ ٹسٹ میں شکست کے بعد ہندوستان سیریز میں 0-1 سے پیچھے رہ گیا تھا۔ یہی نہیں ٹیم کے کچھ اور بڑے کھلاڑی بھی زخموں سے متاثر ہوئے اور وہ پلیئنگ الیون سے باہر ہو گئے تھے۔ ان حالات میں اپنی باری کے انتظار میں بینچ پر بیٹھے نوجوان کھلاڑیوں نے چارج سنبھال لیا اور اجنکیا رہانے کی کپتانی میں ہندوستان کو ٹسٹ سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی۔ آسٹریلیا کے اس دورے پر 5 ہندوستانی کھلاڑیوں شمبھن گل، محمد سراج، سینی، سندر اور نٹراجن نے اپنا ڈیبیوکیا تھا ۔ اب انگلینڈ کے خلاف رواں ٹسٹ سیریز میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ ٹسٹ سیریز شروع ہونے سے ٹھیک پہلے خبر آئی کہ کوہلی پہلے 2 ٹسٹ سے باہر ہو جائیں گے۔ حیدرآباد میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں شکست کے بعد ہندوستان سیریز میں 0-1 سے پیچھے ہوا لیکن پھر اس نے واپسی کی اور ویزاگ اور راجکوٹ میں ٹسٹ میچ جیت کر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کی۔ اسی دوران خبر آئی کہ کوہلی اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے پوری سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ ہندوستان نے رانچی میں کھیلا گیا چوتھا ٹسٹ بھی جیت کر سیریز پر قبضہ کرلیا۔ اس سیریز میں بھی اب تک رجت پاٹیدار، جوریل، سرفرازخان اور آکاشدیپ کا ڈیبیو دیکھا گیا ہے۔ اب سنیل گواسکر نے جو کہا ہے اس کا تعلق اسی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے، کوئی ہو یا نہ ہو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ یہ دونوں سیریز اس کی سب سے بڑی مثال ہیں۔ گواسکر نے انگلینڈ کے خلاف سیریز پر مہر ثبت کرنے کا سہرا کپتان روہت شرما اور کوچ راہول ڈریویڈ کو بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں کو بھی کامیابی کا سہرا ملنا چاہیے۔ انہوں نے جس طرح نوجوان کھلاڑیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں موقع دیا وہ قابل تعریف ہے۔یاد رہے کہ اس وقت کوہلی اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہیں اور انہیں چاروں گوشوں سے مبارک بادی کے پیغامات اور نیک تمنائیں موصول ہورہی ہیں ۔