اسٹار ہوٹلس میں بڑے پیمانے پر جوے بازی، پولیس خاموش

   

حیدرآباد 15 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے قمار بازی کے کلبس پر پابندی عائد کرنے کے بعد عادی جواری متبادل مقامات کا رُخ کررہے ہیں۔ قمار بازی کو روکنے کے لئے کی جانے والی کارروائیاں ان مقامات تک ہی محدود ہیں جہاں پولیس کی رسائی پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوتا لیکن شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں قمار بازی کا رجحان تیزی سے فروغ پارہا ہے اور قمار بازی میں مبتلا افراد شہر کی اسٹار ہوٹلس کو اپنے مقصد کے حصول کے لئے محفوظ ترین مقام تصور کرنے لگے ہیں کیوں کہ عام طور پر اسٹار ہوٹلس پر پولیس کے دھاوے نہیں ہوتے اور نہ ہی تلاشی مہم چلائی جاتی ہے۔ باوثوق ذرائع کے بموجب دونوں شہروں کی بعض اسٹار ہوٹلس میں جوے کا کاروبار عروج پر ہے اور منظم طور پر قمار بازی چلائی جارہی ہے۔ اسٹار ہوٹلس قمار بازی کے محفوظ اڈوں کی طرح ثابت ہورہے ہیں اور اِس ریاکٹ میں کئی بڑی شخصیتیں بھی ملوث ہونے کی اطلاع ہے لیکن یہ بات قابل تشویش ہے کہ اسٹار ہوٹلس میں قماربازی کے اڈے چلائے جانے کی خفیہ اطلاع ملنے کے باوجود بھی پولیس کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہیں اور کمشنر پولیس کی ٹاسک فورس بھی اِن سرگرمیوں کو پست پشت ڈال رہی ہے۔