چنڈی گڑھ: کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کماری سیلجا نے جمعہ کو الزام لگایا کہ سرکاری اسکولوں کو بند کرنے کے بعد اب بھارتیہ جنتا پارٹی-جن نائک جنتا پارٹی (بی جے پی-جے جے پی) مخلوط حکومت کی آنکھیں اسکولوں میں دی جارہی مڈ ڈے میل پر لگ گئی ہے اور حکومت مڈ ڈے میل کو بند کرنا چاہتی ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں کماری سیلجا نے کہا کہ اسکولوں کو راشن اور کھانا پکانے کے اخراجات فراہم کرنے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی-جے جے پی مخلوط حکومت طلباء کو مڈ ڈے میل میں دیے جانے والے ہزاروں ٹن فلیورڈ دودھ پاؤڈر کے گھپلہ کی تحقیقات سے بچ رہی ہے ۔کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ اس اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسکولوں میں فی بچہ پانچ روپے 45 پیسے دیئے جاتے ہیں، وہ رقم ابھی تک کئی اضلاع میں جاری نہیں کی گئی ہے اور کچھ اضلاع میں مذکورہ رقم چار ماہ سے اسکولوں کو نہیں ملی ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے الزام لگایا کہ حکومت اس اسکیم کو روکنا چاہتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ بعض اوقات اس کو تیار کرنے والے باورچی کی تنخواہ کئی مہینوں تک روک لی جاتی ہے ، تو کبھی کھانا پکانے کا خرچ کئی مہینوں تک روک دیا جاتا ہے ۔