نئی دہلی: آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں جہاں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی وہیں دونوں ٹیموں کا فاسٹ بولنگ شعبہ ہم پلہ ہے لیکن نیوزی لینڈ کے بیٹسمین ہنری نکولس کا ماننا ہے کہ فائنل میں ان کی ٹیم کے لیے ہندوستانی اسپنرس کی جوڑی روی چندرن اشون اور روندر جڈیجہ اصل خطرہ ثابت ہوں گے اور ان کے خلاف بیٹسمینوں کو محتاط رہنا ہوگا۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ کا افتتاحی فائنل سائوتھمٹن کے ایراز بوول میں کھیلا جائے گا اور انگلش وکٹوں میں یہ ٹسٹ مقابلوں کے لیے کافی عرصہ سے سست بولنگ کرنے والوں کے لیے سازگار ثابت ہوتی رہی ہے۔ ہنری نے کہا کہ ہندوستانی بولنگ شعبہ مضبوط ہے اور اس میں اشون اور جڈیجہ کی جوڑی کافی تجربہ کار ہے جو ٹیم کو آسانی سے کامیابی دلوانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اشون اور جڈیجہ نے دنیا کے تقریباً تمام حصوں میں کرکٹ کھیلی ہے اور انہیں بیرونی وکٹوں کا بھی کافی تجربہ ہے جس سے ہندوستان کو یقینا فائدہ ہوگا۔ ہنری نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ اگر ہندوستانی کھلاڑیوں کو زخموں کے مسائل کا سامنا نہیں ہوگا تو اس کے قطعی 11 کھلاڑیوں میں تقریباً سبھی شاندار اور عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں اور خاصکر کہ فاسٹ بولروں میں جسپریت بمرا، محمد سمیع اور ایشانت شرما کافی بہترین اور تجربہ کار بولر ہیں۔ مذکورہ بولروں نے گزشتہ کئی برسوں کے دوران اپنی اہمیت کو ثابت کیا ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ میں ٹرینٹ بولٹ ٹم سائوتھی اور نیل واگنر کی موجودگی اس کے بولنگ شعبہ کو طاقتور بناتی ہے اور یہ شعبہ بھی کافی تجربہ کار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے کھلاڑیوں کی دونوں ٹیموں میں موجودگی فائنل کو کافی دلچسپ بناتی ہے۔ 29 سالہ کھلاڑی ہنری جنہوں نے 27 ٹسٹ مقابلوں میں 43 سے زائد کے اوسط سے رنز اسکور کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھی کھلاڑی ڈیون کونوے کے اس خیال کی حمایت کی ہے جس میں تیسرے مقام پر کھیلے جانے والے ٹسٹ میں وکٹ کا اسپنرس کے لیے سازگار ہونا پہلے سے طے ہے لیکن آئی سی سی قطعی طور پر کس طرح کی وکٹ تیار کرتی ہے یہ بھی اہمیت کا حامل فیصلہ ہوگا۔ ہنری 2020ء میں نیوزی لینڈ کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے ہندوستان کو دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کے دوران اندرون 3 دن شکست دی تھی۔ ہنری نے کہا ہے کہ گزشتہ سیریز کے دوران ٹیم کے اس طرح کے مظاہروں نے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کئے ہیں اور وہ فائنل میں ان ہی مظاہروں کو دہرانے کے خواہاں ہیں۔ ہنری نے کہا کہ دونوں ہی ٹیمیں تیسرے مقام پر ٹسٹ کا فائنل کھیل رہی ہیں اور دونوں ہی ٹیموں کو مساوی مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2020ء سیزن میں ہم نے انہیں 2-0 سے شکست ضرور دی ہے لیکن ماضی کی اس سیریز اور اب ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں حالات مختلف رہیں گے۔