اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میکانزم غیر کارکرد

   

تاجرین کا اپنے طور پر فیصلہ ، ٹھوک تاجرین کی من مانی، حکومت سے اقدامات ضروری
حیدرآباد۔16۔نومبر(سیاست نیوز) ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے موجود میکانزم غیر کارکرد ہوچکا ہے اور خانگی کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے کسی بھی شئے کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے اپنے طور پر فیصلہ کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی فہرست میں شامل اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے متعلقہ ادارہ اور محکمہ کی جانب سے اجازت کے حصول کے بجائے محض انہیں مطلع کیا جا رہاہے کہ قیمتوں میں اس قدر اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ اس طرح کیا جانے والا اضافہ قانونی طور پر قابل قبول نہیں ہے بلکہ ایسا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی گنجائش موجود ہے۔ ہندستان میں موجود اشیائے ضروریہ کے ایکٹ میں شامل ترکاری ‘ پھل‘ خوردنی تیل کے علاوہ دیگر اشیاء شامل ہیں لیکن ترکاریوں کی قیمتوں اور پھلوں کی قیمتوں کے علاوہ خوردنی تیل کی قیمتوں کو معمول کے مطابق رکھنے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔شہر حیدرآبادو ریاست تلنگانہ میں گوشت‘ ترکاری اور پھلوں کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لئے کسی بھی طرح کے اقدامات نہ کئے جانے کے نتیجہ میں عوام کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور کاشتکار اپنے طور پر قیمتوں کا تعین کر رہے ہیں اور چلر فروش تاجرین کی اپنی من مانی قیمتیں ہیں جن پر کسی کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ اسی طرح کی صورتحال خوردنی تیل کی ہے جو ہر گھر کی ضرورت ہے لیکن اس کی قیمت میں اضافہ معمول کی بات ہوچکی ہے اور حکومت کی جانب سے اب تک کسی بھی ایسی کمپنی کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی جو کہ خوردنی تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہی ہیں۔ ترکاری کی قیمتیں شہر میں بڑی حد تک قابو میں ہیں لیکن پیاز کی قیمتوں میں کئے جانے والے اضافہ پر کسی بھی سرکاری محکمہ یا ادارہ کا کوئی کنٹرول نہیں ہے جبکہ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ ان کی جانب سے معمول کی قیمتوں پر ہی پیاز کی فروخت عمل میں لائی جا رہی ہے لیکن بازار میں پیاز کی قیمتوں میں زبردست اچھال ریکارڈ کیا جا رہاہے۔ پھلوں کی قیمتوں پر بھی شہر میں کسی قسم کا کوئی کنٹرول نہیں ہے ۔ اشیائے ضروریہ جیسے اجناس اور دالوں کی قیمتوں کا تعین بھی ٹھوک تاجرین کی جانب سے کیا جانے لگے ہیں اور چلر فروش تاجرین ان قیمتوں پر کاروبار کرنے کے لئے مجبور ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے قیمتوں کو معمول کے مطابق رکھنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے شہری علاقوں میں عوام کو لوٹ کھسوٹ سے بچانے کے فوری اقدامات کئے جانا ضروری ہے۔م