اضافی برقی بلز کے خلاف کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کی مہم

   

عوام کو مس کال کی سہولت، بلز کی واپسی کیلئے عدالت میں مفاد عامہ کی درخواست
حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے اقلیتی ڈپارٹمنٹ نے گھریلو صارفین کے لیے گزشتہ تین ماہ کے بھاری بلز کی اجرائی کے خلاف ایک منفرد مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت عوام کو زائد بلز کے خلاف احتجاج درج کرنے کے لیے مخصوص نمبر پر مس کال کرنا ہوگا۔ حیدرآباد سٹی کانگریس میناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر سمیر ولی اللہ نے اس مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے عوام پر عائد کئے گئے بوجھ کے خلاف ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری برقی بلز کے خلاف احتجاج درج کرنے کے لیے عوام فون نمبر 9982997444 پر مس کال دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقات پر بھاری بوجھ عائد کیا گیا ہے اور ہر صارف حکومت کے اقدام سے سخت ناراض ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے لاک ڈائون کے خسارے کو پر کرنے کے لیے عوام سے منصوبہ بند لوٹ اور جبری وصولی کا طریقہ اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو مہم کے آغاز کے بعد سے ہزاروں مس کال موصول ہوئے جو عوامی ناراضگی کا واضح اظہار ہے۔ لاک ڈائون کے دوران لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوئے اور چھوٹے تاجروں کو بھی بھاری نقصان ہوا۔ ایسے وقت میں حکومت کی ذمہ داری عوام کو راحت پہنچانا ہے۔ لیکن محکمہ برقی کی جانب سے اضافی بوجھ عائد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے وزیر برقی جگدیش ریڈی کی جانب سے موجودہ بلز کو جائز قرار دینے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ برقی نے 90 دن کے سلاب کو سب سے زیادہ قیمت والے سلاب کے مطابق طے کرتے ہوئے بلز تیار کئے ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما رائو نے ٹوئٹر پر عوام کی جانب سے زائد برقی بلز کی شکایت کا اعتراف کرتے ہوئے اس مسئلہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا تھا۔ لیکن افسوس کہ وزیر برقی اپنے محکمہ کے موقف پر قائم ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کو اس معاملے میں فوری مداخلت کرتے ہوئے عوام کو گزشتہ تین ماہ کا بل معاف کرنا چاہئے۔ سمیر ولی اللہ نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی اس مسئلہ پر عوامی احتجاج منظم کرے گی۔