اضافی قیمت پر اناج کی فروخت کیخلاف کارروائی

   

خصوصی کنٹرول روم کا قیام، عوامی شکایات کیلئے فون نمبر جاری
حیدرآباد۔ 3 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ سیول سپلائز نے اناج اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے خصوصی مہم شروع کی ہے۔ اضافی قیمت پر فروخت اور ذخیرہ اندوزی جیسے واقعات سے نمٹنے کے لیے محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ سوماجی گوڑہ میں واقع ہیڈ آفس میں کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا جہاں عوام فون کرتے ہوئے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔ تلنگانہ لاک ڈائون سے فائدہ اٹھاکر بعض تاجرین اشیائے ضروری کی فروخت میں زائد قیمتیں وصول کرتے ہوئے صارفین کو لوٹ رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں محکمہ سیول سپلائز کو کئی شکایات ملی ہیں۔ ایسے تاجروں کے خلاف حکومت نے سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز کے انفورسمنٹ اور ٹاسک فورس کی نگرانی میں قائم کردہ کنٹرول روم 24 گھنٹے کام کرے گا۔ عوام زائد قیمتوں کی وصولی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف 040-23336116 پر شکایت درج کراسکتے ہیں۔ تلنگانہ سے دیگر ریاستوں کو اناج منتقل کرنے والی گاڑیوں کے بارے میں شکایت کی جاسکتی ہے۔ کنٹرول روم کو موصولہ شکایتوں پر فوری کارروائی کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔