اضلاع میں بارش سے نمٹنے اقدامات کا جائزہ

   

چیف سکریٹری سومیش کمار کی ضلع کلکٹرس کے ساتھ ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی ہدایت پر چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج ضلع کلکٹر کے ساتھ ٹیلی کانفرنس منعقد کرکے ریاست بھر میں مسلسل بارش اور سیلاب جیسی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا ۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ چونکہ بارش مزید چند دن جاری رہنے کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے اس لئے انہیںچوکس رہنا چاہئے ۔ انہوں نے تمام عہدیداروں سے کہا کہ وہ ہیڈ کوارٹرس پر دستیاب رہیں اور ایک دوسرے سے تال میل کے ساتھ کام کریں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچاجاسکے ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ریلوے پٹریوں کے قریب تالابوں کے تعلق سے چوکس رہیں اور ایسے تالابوں کے تعلق بھی چوکسی برتیں جن کی حالت خستہ ہے ۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس سے کہا کہ وہ 24 گھنٹے کام کرنے والا کنٹرول روم قائم کریں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی سطح کا کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جس کا نمبر 040-23450624 ہے ۔ جس کسی کو بارش سے متعلق شکایت ہو اس نمبر پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے کہا کہ اگر نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجائے تو فوری اعلی عہدیداروں کو مطلع کریں۔ چیف سکریٹری نے ضلع کلکٹرس سے بھی کہا کہ وہ گاووں اورٹاونس میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ کانفرنس کے موقع پر ڈی جی پی مہیندر ریڈی ‘ پرنسپل سکریٹری آبپاشی سندیپ کمار سلطانیہ و دیگر موجود تھے ۔