اضلاع میں کورونا علاج کی سہولتوںمیں کمی سے عوام کو مشکلات

   

حیدرآباد منتقلی کے دوران مریضوں کی موت، آکسیجن اور وینٹلیٹرس کی فراہمی حکومت کیلئے چیلنج
حیدرآباد۔ تلنگانہ حکومت دیہی علاقوں میں علاج کی سہولتوں کو بہتر بنانے کا دعوی کررہی ہے لیکن آج بھی بیشتر اضلاع کے ہیڈکوارٹرس کورونا علاج کی عصری سہولتوں سے محروم ہیں۔ اس کے نتیجہ میں مریضوں کو حیدرآباد منتقل کرنے میں دشواریوں کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اضلاع میں گورنمنٹ ہاسپٹلس کے علاوہ خانگی ہاسپٹلس نے بھی سنگین مریضوں کو شریک کرنے سے گریز کیا ہے تاکہ فوت ہونے کی صورت میں ہاسپٹل کی بدنامی سے بچاجاسکے۔ اضلاع میں آکسیجن سے مربوط بیڈس اور وینٹلیٹرس کی کمی کے نتیجہ میں بیشتر مریضوں کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اضلاع کے خانگی ہاسپٹلس میں دولت مند افراد کے لیے بیڈس کا انتظام ہے۔ کیوں کہ غریب اور متوسط طبقات زائد رقم ادا کرنے سے قاصر ہیں۔ مریضوں کو علاج کے بجائے حیدرآباد منتقلی کے نتیجہ میں بعض مریض راستے میں ہی فوت ہوگئے۔

حالیہ دنوں میں دو ایسے واقعات منظر عام پر آئے جہاں اضلاع میں ہاسپٹل حکام نے شریک کرنے سے انکارکردیا اور انہیں حیدرآباد منتقل کرنے کی ہدایت دی۔ مریضوں کے رشتہ داروں کی جانب سے اپنے طور پر منتقلی میں تاخیر کے سبب مریضوں کی موت واقع ہوگئی۔ اس معاملے میں محکمہ صحت کے حکام نے سخت نوٹ لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی مریض کو شریک کرنے سے انکار نہ کریں۔ ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں کورونا کے مریضوں کیلئے درکار آکسیجن اور وینٹلیٹرس کے ساتھ بیڈس دستیاب نہیں ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں گریٹر حیدرآباد کے مقابلے اضلاع میں کورونا کے کیسس میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔ ٹائونس اور دیہی علاقوں میں طبی سہولتوں کی کمی عوام کے لیے مصیبت بن چکی ہے۔ غریب افراد اپنے مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہاسپٹل منتقل کرتے ہیں لیکن وہاں ان کے علاج کا کوئی انتظام نہیں۔ حکومت نے اضلاع میں آکسیجن اور وینٹلیٹرس کے ساتھ بستروں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ کئی اضلاع میں بستروں کی کمی ہے جس کی ایک مثال محبوب آباد ہاسپٹل ہے جہاں آکسیجن بیڈس کی تعداد صرف دو ہے۔ جبکہ بھوپال پلی میں صرف 5 بیڈس ایسے ہیں جو آکسیجن سے مربوط ہیں۔ کورونا کے مریضوں کیلئے آکسیجن کی سربراہی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ حکومت کے دعوے ایک طرف لیکن کیسس کی تعداد میں اضافہ اور اموات اپنی جگہ ایک حقیقت بنے ہوئے ہیں۔