اضلاع میں کورونا کے علاج کی سہولتوں میں اضافہ کیلئے اقدامات

   

ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں سہولتوں کی فراہمی
صرف سنگین مریضوں کی حیدرآباد منتقلی کی ہدایت
حیدرآباد۔ حکومت نے اضلاع میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے اضلاع کی سطح پر گورنمنٹ میڈیکل کالجس سے ملحقہ ٹیچنگ ہاسپٹلس اور ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس میں علاج اور آئسولیشن کی سہولتیں فراہم کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ وزیر صحت ای راجندر کے مطابق حیدرآباد، رنگاریڈی اور میڑچل میں کورونا کیسس میں زیادہ اضافہ ہوا ہے جبکہ دیگر اضلاع میں بھی حالیہ عرصہ میں کیسس میں اضافہ دیکھا گیا لہذا حکومت نے مریضوں کو اضلاع سے حیدرآباد منتقل کرنے کے بجائے ضلعی سطح پر علاج کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اضلاع میں موجود تمام میڈیکل کالجس کیلئے لازمی قرار دیا گیا کہ وہ کورونا مریضوں کے علاج کا آغاز کریں۔ تمام ڈسٹرکٹ ہاسپٹلس کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہاسپٹل میں ہمیشہ دستیاب رہیں۔ وزیر صحت نے ضلعی عہدیداروں کے ساتھ علاج کی سہولتوں کے بارے میں جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ابتدائی علامات اور شدید علامات کے حامل مریضوں کو ٹیچنگ ہاسپٹلس میں فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔ جن میں معمولی علامات ہوں یا علامات کے بغیر ہوں انہیں ہوم کورنٹائن کیا جانا چاہیئے۔ ہوم کورنٹائن کے دوران ڈاکٹرس مریض کی صحت پر نگرانی رکھیں اور انہیں ضروری ادویات کیلئے رہنمائی کریں۔ ہاسپٹلس میں زندگی بچانے والی ادویات کے علاوہ پی پی ای کٹس اور N-95 ماسکس کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر صحت نے بتایا کہ حیدرآباد اور اضلاع میں ڈاکٹرس اور طبی عملے کے تقررات کئے جائیں گے۔