اعظم خان کا یوپی کی سیاست پر اثر

   

کپل سبل
ایس پی قائد اعظم خان فی الوقت ضمانت پر ہیں۔ ضمانت پر اُن کی رہائی نے خاص طور پر ان کے مخالفین پر ایک قسم کی ہیبت طاری کردی ہے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اعظم خان کی وجہ سے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج بھی بدل سکتے ہیں۔ وہ 2027ء اسمبلی انتخابات میں اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ ملک کے ممتاز قانون دان کپل سبل نے اعظم خان کا انٹرویو لیا ہے۔ دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اعظم خان اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف مقدمات میں کپل سبل ان کی پیروی بھی کررہے ہیں۔ کپل سبل کے مطابق اعظم خان کی وجہ سے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج بھی بدل سکتے ہیں، کیونکہ یوپی کے معاشرہ بالخصوص مسلم معاشرہ میں مسٹر خان کا اچھا اثر ہے۔ دوسری طرف اعظم خان کہتے ہیں کہ انہیں حکومت بکری چور، کتاب چور، فرنیچر چورکہتی ہے۔ انٹرویو کے دوران سبل نے جب اعظم خان کو یہ یاد دلایا کہ آپ پر تو گائے کے گلے میں جو گھنٹی ڈالی جاتی ہے، اس گھنٹی کی چوری کا بھی الزام ہے تب اعظم خان نے یوں جواب دیا۔ دراصل ہمیں دکھ اس بات کا ہے کہ اتنی بڑی طاقت والے لوگوں نے اپنی طرح کے الزامات عائد کئے، میری حیثیت کے مطابق الزامات لگانا چاہئے تھا لیکن اپنی حیثیت کے مطابق الزامات عائد کئے۔ کپل سبل نے جب یہ استفسار کیا کہ آپ کے خلاف اور کون سے الزامات ہیں؟ اعظم خان نے جواب دیا کہ پائل چوری کا بھی الزام عائد کیا گیا۔ بھینس چوری کا بھی الزام ہے جہاں تک فرنیچر چوری کاالزام ہے، وہ مولانا محمد علی جوہر یونیورسٹی کے فرنیچر سے متعلق ہے۔ اعظم خان کے مطابق وہ بحیثیت وزیر کولکتہ جایا کرتے تھے۔ سرکاری مہمان ہوا کرتے تھے۔ سُرخ بتی گاڑی مہیا کی جاتی تھی اور میری قوم کے غریب لوگ کباڑی تھے جب میں جاتا تو آوازیں آتی تھیں کہ ارے ننوا ارے متواء آجاؤ بھائی آگئے، آجاؤ بھائی آگئے اور وہاں کباڑ کا بہت سامان لگا ہوتا تھا۔ بڑی بڑی حویلیاں ہوتی تھیں، وہ توڑ کر لوگ ہمہ منزلہ عمارتیں تعمیر کررہے تھے تو کوڑیوں کے دام الماریاں، میزیں، کرسیاں فروخت کی جاتی تھیں، وہ مَیں جاکر خرید لیا کرتا تھا جو میزیں 200 روپئے میں لایا کرتا تھا، الماری 200، 300، 400 روپئے میں۔ اُن ٹرکس کی رسیدیں آج بھی میرے پاس ہیں، وہ لاکر میں اُن کی مرمت کرواتا تھا، پالش کرواتا تھا، آپ جاکر دیکھئے کلکتہ میں بہت بڑے بڑے شورومس ہیں جو ان سامان کو خرید کر جس طرح میں تیار کراتا ہوں، اس طرح تیار کرواتے تھے اور جو الماری مَیں 200 روپئے کی خرید کر لاتا تھا، اُس کی قیمت اس شوروم میں چونکہ وہ ساگوان کی الماری ہوتی تھی، 2 لاکھ، 3 لاکھ، 5 لاکھ، 10 لاکھ، 20 لاکھ روپئے قیمتیں ہوتی تھیں۔ ایسی میزیں ہیں میرے پاس جن کی کاروین دیکھ کر آپ کو حیرت ہوگی لیکن پولیس ٹرکس پر رکھ کر وہ فرنیچر لے گئی۔ میری کتابیں لے گئی اور مجھے چور قرار دیا۔ کپل سبل نے جب یہ سوال کیا کہ یہ بتایئے محمد علی جوہر یونیورسٹی جو آپ نے بنائی، اس کے پیچھے کیا خیالات تھے اور آپ نے کب بنائی ہے، جواب میں اعظم خان نے کہا کہ جب وہ طالب علم تھے، اکثر وہاں ایک شیر بہت مشہور تھا کہ
چشمہ سید نگران ہیں کہ پھر اُٹھے شاید
کوئی دیوانہ علی گڑھ کے بیابانوں سے
تب دل میں خواہش ہوتی تھی کہ ائے اللہ! یہ کام تو مجھ سے لے لے اور ہوا بھی یہی کہ سرسید احمد خان کے اس مشن کے بعد شاید میرے علاوہ کوئی اس کام کو انجام نہیں دے سکا اور یہ کام کچھ اس طرح ہوا کہ جب سرسید نے سائنٹفک سوسائٹی بنائی تب انگریزوں کی حکومت تھی اور وہ انگریز حکومت کے بہت قریب تھے۔ انہیں ’خان بہادر‘ کا لقب ملا۔ انہیں ’سَر‘ کا بھی لقب ملا اور انہوں نے ’محمڈن اینگلو اورینٹل کالج‘ کے نام سے ایک کالج قائم کیا۔ ان کی زندگی میں اسٹریجی ہال، وکٹوریہ گیٹ ، ایس ایم نارتھ کہلاتا ہے، بس وہ علاقہ بنا اور سرسید کے انتقال کے 24 یا 25 برس بعد انگریزی حکومت نے اسے یونیورسٹی بنایا۔ اسی طرح بنارس یونیورسٹی کو مدن موہن مالویہ جی کے گذر جانے کے 18 برس بعد برطانوی حکومت نے یونیورسٹی بنایا اور جب سرسید بنارہے تھے، یونیورسٹی کا ہی تصور تھا۔ انہوں نے آکسفورڈ دیکھا، کیمبرج گئے، تمام باوقار تعلیمی اِداروں کا جائزہ لینے کے بعد اُسے بنایا تھا تو انہیں ’سَر‘ کا لقب ملا تھا اور جب مَیں بنارہا تھا تب نعرہ لگ رہا تھا کہ جو اعظم کا سَر لائے گا، وہی رام بھگت کہلائے گا تو سر یہاں بھی تھا سر وہاں بھی تھا۔ کپل سبل نے جب یہ سوال کیا کہ آیا آپ بچوں کو مفت تعلیم دیتے ہیں؟ اعظم خان کا جواب کچھ یوں تھا: ’بہت معمولی فیس لیتے ہیں، برائے نام فیس لیتے ہیں، ہمارے اسکولس سی بی ایس سی بورڈ کے اسکول تھے اور ایک عمارت بالکل کھنڈر ہوگئی تھی۔ بہت پیسہ بطور چندہ اکٹھا کرکے مَیں نے اس کو بنایا تھا۔ وہ بھی حکومت نے واپس لے لیا۔ 99 سال کی لیز پر تھیں۔ دو عمارتیں اور ان کی لیز کینسل ہوگئی اور ہمارا جتنا سامان تھا، وہ بھی واپس نہیں کیا۔ فرنیچر، کمپیوٹرس، میز، کرسیاں اور پنکھے کچھ نہیں دیا۔ سب ہمارا سامان ضبط کرلیا گیا جو آج تک نہیں ملا۔ بار بار ہم لکھتے ہیں۔ میڈیکل کالج سے ہمارا بہت سامان چوری ہوا۔ جب کووڈ سنٹر بنایا گیا تو یہ لکھ کر نہیں دیا گیا کہ ہم نے کس کس چیز کا قبضہ لیا اور ہم کیا سامان یہاں دے رہے ہیں، ورنہ طریقہ یہ ہے کہ یونیورسٹی رجسٹرار یا وائس چانسلر کو ایک جوابی خط دینا چاہئے جس میں یہ لکھا ہونا چاہئے کہ بھائی ہم اتنا علاقہ لے رہے ہیں اور اتنا سامان ہمارے قبضہ میں ہے اور ہمارا یہ سامان ہے جو ہم واپس لیں گے۔ کوئی لکھائی پڑھائی نہیں ہوئی اور بہت کچھ ہمارا لٹ گیا، کوئی اِنٹری نہیں ہوئی۔‘
کپل سبل نے جب یہ کہا ’میں نے اکثر دیکھا کہ آپ کے مقدمہ میں جو خصوصی عدالتیں یا جو ٹرائل کورٹس ہیں، وہاں سے ضمانت تو آپ کو ملتی نہیں، ابھی بھی نہیں ملی، ہائیکورٹ جانا پڑتا ہے اور جب ہائیکورٹ جاتے ہیں تو وہاں بھی کئی ماہ لگ جاتے ہیں…‘۔ جواب میں اعظم خان نے کہا کہ بعض دن تو ایسا ہوا کہ ہماری درخواست ِضمانت پر بحث چل رہی ہے اور اُدھر دوران بحث ہی جج کے تبادلہ کا حکم آگیا۔ دوسرے جج صاحب آگئے بحث جاری ہے۔ ان کے تبادلے کا حکم بھی آگیا تب تیسرے جج صاحب آگئے۔ یہ صرف ایک دن میں ہوا اور ہمارے ساتھ کچھ ایسا ہوا کہ شاید مغلوں کے زمانے میں بھی نہیں ہوا۔ انگریزوں نے ظلم کئے، شاید اس سے کچھ ملتے جلتے یا بڑھ کر ہم نے بھی کئے لیکن قید میں انگریزوں نے اتنی تکلیفیں نہیں دی ہوں گی جتنی تکالیف ہمیں دیں اور نازیوں کی جیل میں بھی نہیں دی گئی ہوں گی۔‘ کپل سبل کا ایک اور سوال یہ تھا کہ آپ کے خلاف رشوت یا قتل کے الزامات نہیں ہیں، آپ کو کس قسم کی جیل میں رکھا گیا؟ جہاں انگریزوں کے دور میں پھانسی دی جاتی تھی۔ کپل سبل نے جب یہ پوچھا کہ آپ سے اس خاص محبت کی وجہ کچھ تو ہوگی کیونکہ آپ ایک بڑے مسلم لیڈر ہیں۔ جواب میں اعظم خان نے پرزور انداز میں کہا ’میرے دامن پر کوئی داغ نہیں ہیں، یہی میرا گناہ ہے، مَیں نے اس پیسے سے اسکول کیوں بنائے، یونیورسٹی کیوں بنائی، اس پیسے سے میں امریکہ، لندن میں آسٹریلیا میں میں جائیدادیں کیوں نہیں لی، محل کیوں نہیں بنایا۔ مَیں وہاں کیوں نہیں چلا گیا، میں پنکچر جوڑنے والے اور بیڑی بنانے والوں کو ، رکشہ چلانے والوں کو ان کے بچوں کے ہاتھوں میں قلم دے کر سائنس دان، ڈاکٹر اور انجینئر بنانا چاہتا تھا، اس سے بڑا گناہ میرا اور کیا ہوسکتا ہے۔ جہاں ’’بیٹی پڑھاؤ، بیٹی بچاؤ‘‘ کا نعرہ دیا گیا ہو اور بیٹیوں کا اسکول خالی کرایا جائے تو ظاہر ہے میرا گناہ تو ہے، میں پرائمری اسکول اور سرکاری اسکول کی فیس لے کر سی بی ایس سی بورڈ کا سرٹیفکیٹ اور ڈگری دیتا تھا۔ میرے اسکولوں کے نتائج ٹاپ کے تعلیمی اداروں سے بہتر ہوتے تھے۔ میرے یہاں کے ٹھیلہ چلانے والے ریوڑی لگانے والے، پھل بیچنے والوں کے بچے اور بچیاں ہوتے تھے اور یہی میرا قصور ہوا کرتا تھا۔