آئی پی ایس انٹرنیشنل اسکول کے 10 سال مکمل ‘پروگرام سے علماء کا خطاب
حیدرآباد۔ 20۔ جنوری (پریس نوٹ) مستقبل کے چیلنجس کو دیکھتے ہوئے بچوںکو نہ صرف اعلی تعلیم سے ابھی سے مزین کرنے کی سخت ضرورت ہے بلکہ ساتھ میں ان بچوں کو حافظ ‘ عالم اور داعی بھی بنانا ہوگا تاکہ اسلام کے خلاف بڑھتی غلط فہمیاں کو بڑے پیمانے پر دور کیا جاسکے اور اسلام کا صحیح تصور پیش کیا جاسکے۔ اگر بچے کسی شعبے کے ماہر بھی بن جائیں لیکن اگر یہی بچے اپنے غیرمسلم بھائیوں اور بہنوں کو اسلام کے صحیح نظریہ سے واقف نہیں کراسکے تو یہ انسانیت کا بڑا نقصان ہوگا۔ مسلمانوں کو چاہئیے کہ وہ اپنے بچوں کیلئے ایسے تعلیمی نصاب پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار علماء کرام نے آئی پی ایس انٹرنیشنل اسکول کے دس سال مکمل ہونے پر منعقدہ تین روزہ شاندار پروگرام ’’تعلیم کے ذریعہ امن ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علماء کرام کے ساتھ ساتھ دیگر شخصیتوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا شاندار مستقبل بنانے کیلئے اساتذہ اور والدین کو سخت محنت کرنی ہوگی ۔ یہ پروگرام آئی پی ایس اسکول کے منیجنگ ڈائرکٹر سید الیاس احمد کی نگرانی منعقد ہوا۔ امیر جمعیت اہلحدیث ہند مولانا اصغر علی امام مہدی مدنی ‘ امیر جمعیت اہلحدیث ٹاملناڈو شیخ عبدالسلام عمری مدنی ‘آئی پلس ٹی وی کے ڈائرکٹر زاہد پٹیل ‘ شیخ ثناء اللہ مدنی ‘ شیخ رفیق مدنی اور نثار ناڈیاڈ والا جیسی عالمی اسلامی شخصیتوں کے علاوہ کرنل پردیپ کمار چیف انجینئر فیکٹریز حیدرآباد‘ گورنر ڈسٹرکٹ بی 302 لائنس کلب انٹرنیشنل حیدرآباد کمل کشور ‘ محترمہ وسودہ رانی ڈائرکٹر پائنیر گروپ آف اسکول اور دیگر شخصیتوں نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر ایچ ڈبلیو پی ایل کوریائی تنظیم کے پیس مونومنٹ کی نقاب کشائی بھی کی گئی اور سید الیاس احمد کو Peace Publicity Ambassador کے خطاب سے نوازا گیا۔ الیاس احمدنے کہا کہ اسکول میں سی بی ایس سی نصاب تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو حافظ‘ عالم اور داعی بھی بنایا جاتا ہے۔ اس موقع پر بہترین خدمات انجام دینے والوں کو ایوارڈس بھی دیئے گئے۔ پچاس سال سے مسلسل ایک ہی مسجد میں امامت کی خدمات انجام دینے والے امام شیخ آدم کو پچاس ہزار نقدکا نذرانہ پیش کیا گیا۔اسکول کی مزید تفصیلات کیلئے 9848963139 پر ربط کریں۔