افطار پارٹی کے بجائے دیہاتوں کے غریب روزہ داروں پر توجہ ضروری

   

شرعی مسائل سے عوام کو واقف کروانے علماء سے اپیل ، کاماریڈی میں جمعیتہ العلماء کا اجلاس، حافظ فہیم الدین منیری اور دیگر علماء کا خطاب

کاماریڈی :26؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہندوستان کے باشندوں کیلئے جمعیتہ العلماء ہند بڑی نعمت والی تنظیم ہے۔اکابرین کی بڑی قربانیوں اور ان کی خدمات کے بعد وجود میں آنے والی ملک کی سب سے بڑی جماعت جمعیۃ علماء ہند ہے۔ جمعیۃ علماء کے پلیٹ فارم سے کبھی بھی جذبات میں فیصلے نہیں کئے جاتے، کیونکہ اس کی بنیاد اور اس کا مشن اور اس کے منشور کو تقوی کے پہاڑ علماء واکابر نے طئے کیا، افراد کے مجموعہ کا نام جمعیۃ ہے، ہمیں ملکی اور مقامی سطح پر جمعیۃ سے جڑ کر کام کرنا ہے، سٹی جمعیت علماء کاماریڈی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی عمران خان قاسمی صدر سٹی جمعیت نے ان خیالات کا اظہار کیانیز سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہمیشہ ہی اجتماعی کام باہم مشوروں، منصوبہ بندی وباہمی اتحاد کے ساتھ کرتی ہے،حافظ خواجہ یاسین نے کہا کہ راشن تقسیم کرنے کی فکر کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریبوں تک راشن پہنچانے میں معاونت ملے۔ حافظ فہیم الدین منیری نے کہا کہ رمضان مبارک کا مہینہ آچکا ہے، ہمیں ضروری ہے کہ ہم مسائل رمضان ،روزہ، اعتکاف، تراویح وغیرہ کے مسائل سے واقفیت حاصل کریں اس سلسلے میں علماء کرام سے گزارش کی جاتی ہیکہ آپ اپنی مسجدوں میں اہتمام کے ساتھ شرعی مسائل سے عامۃ المسلمین کو واقف کروائیں، نیز کہا کہ افطار پارٹیوں کے چلن کو روک کر دیہات کے غریب روزے داروں کو افطار کرائیں، عید کے موقع پر عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کی نیت سے غریبوں کو عید پیکج کے ذریعہ تعاون کریں ضرورت مند ہم تک نہ پہنچیں اس سے قبل ہم ضرورت مند تک پہنچ کر مدد کریں، اراکین جمعیۃ علماء سے خصوصیت کے ساتھ فرمایا کہ ہم کام کے سلسلہ میں ابھی سے منصوبہ بندی کریں ہمارے شہر کے کسی بھی محلہ کا حاجت مند پریشان نہ ہو اس کیلئے والینٹرس عبادت کے ساتھ خدمت خلق کے فریضہ کی ادائیگی کے لیے اپنے کو وقف کریں، مولانا حسین احمد حسامی نائب صدر جمعیۃ علماء کاماریڈی نے خدام دین کی خدمت کی طرف توجہ دلائی اور کہاکہ گزشتہ سال بھی رمضان المبارک کی مناسبت سے خدام دین کی خدمت کی گئی تھی، چنانچہ اس سال بھی اس تجویز کی منظوری دی جائے، حافظ محمد یوسف حلیمی انور جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے، حافظ محمد عبدالواجد علی خان حلیمی سکریٹری جمعیۃ علماء کاماریڈی نے قرات کلام پاک کے ذریعے مشاورتی اجلاس کا آغاز کیا، جبکہ اس اجلاس میں الحاج سید عظمت علی جنرل سکریڑی، میر فاروق علی خازن جمعیۃ، شیخ اسماعیل صدر حلقہ بلال حافظ محمد تقی الدین منیری پریس سیکریٹری محمد حمزہ سکریٹری حلقہ مدینہ محمد فیروز الدین پریس سیکریٹری ضلعی جمعیت علماء کاماریڈی کے علاؤہ علماء حفاظ کرام صدور مساجد ونوجوان جمعیۃ کی کثیر تعداد موجود تھی، نیزذ مہ داران مسجد محبوب صالحین نے مہمانوں کا استقبال کے ساتھ ساتھ تمام شرکاء کی ضیافت کے بعد شکریہ بھی ادا کیا۔