افغانستان کیساتھ کشیدگی کے باوجود پاکستان تجارتی وفد کا آج دورہ کابل

   

اسلام آباد: پاکستان کی وزارت تجارت کے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے دوران سرحدوں سے آمد و رفت کے لیے قائم کردہ کراسنگ پوائنٹس، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری طبقے کو درپیش مشکلات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا وفد پیر کے روز کابل جائے گا۔ یہ اہم بات ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان ان دنوں کشیدگی کی لہر ہے اور سرحدوں پر ہی نہیں سرحدوں کے اندر تک کارروائیاں جاری ہیں۔ افغانستان میں طالبان کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے دوطرفہ کشیدگی کی یہ پہلی بڑی لہر جاری ہے ۔ اس کے نتیجے میں سفارتی تعلقات پر اثر پڑنے کے ساتھ ساتھ تجارتی شعبے میں بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ جس سے دونوں طرف کے تجارتی و کاروباری طبقات سخت پریشانی کا شکار ہیں۔رمضان المبارک اور عید کے دنوں میں اس تجارتی خلل کا نقصان عام لوگوں پر بھی زیادہ محسوس ہوتا ہے ۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزارت تجارت پاکستان کا وفد سیکرٹری تجارت کے زیر قیادت کل پیر کے روز کابل کا دورہ کرے گا۔ جہاں طالبان حکومت کے تجارتی شعبے کے سربراہ کے علاوہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے ۔ان ملاقاتوں کا مقصد دونوں طرف سے تجارتی سامان کی آمد و رفت اور تبادلے کو ہموار رکھنا ہے ۔ تاکہ متعلقہ منڈیوں اور صارفین کو مشکلات سے بچایا جا سکے